پاکستان روس کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے : گیلانی

چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے ۔ چیئرمین سینیٹ سے  بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں روس کے سفیر البرٹ خوریو نےملاقات کی ۔
چیئرمین سینیٹ نے اسلام آباد اور ماسکو کے درمیان دو طرفہ تعلقات  پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تجارت ، معیشت اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے لئے وسیع گنجائش موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم روس کے ساتھ خاص طور پر توانائی ، دفاع ، خوراک اور عوامی سطح پر رابطوں کو مزید فروغ دینے کے لئے طویل مدتی ، کثیر الجہتی شراکت داری قائم کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری بہت اہمیت رکھتی ہے اور لوگوں کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔
انہوں نے پارلیمانی روابط کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مثبت بین الپارلیمانی تعاون قائم کیا گیا ہے جسے مسلسل تبادلوں کے ذریعے مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ روس پاکستان کے لیے ایک اہم ملک ہے اور یہی وجہ ہے کہ سینیٹ اف پاکستان میں پاکستان روس فرینڈ شپ گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹیرینز عوام کے نمائندے ہوتے ہیں اور وہ مؤثر طریقے سے لوگوں کو سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کے قریب لا سکتے ہیں ۔ انہوں نےاس بات پر  زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے اور ہم دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کے لیے روس کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں کیونکہ تجارتی،  توانائی اور رابطے کےu زریعے  دو طرفہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکتے ہیں۔ 
چیئرمین سینیٹ نے علاقائی صورتحال کے بارے میں بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ روس خطے میں ایک اہم ملک ہے اور ہم خطے اور خاص طور پر افغانستان میں امن و استحکام لانے کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں ۔ انہوں نے فلسطین  اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے نقطہ نظر کی حمایت پر روسی قیادت ، حکومت اور پارلیمنٹ کا بھی شکریہ ادا کیا ۔
ملاقات کے دوران روسی سفیر نےچیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ روس بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کا مشترکہ مقصد دونوں ملکوں کے عوام کے فائدے کے لیے تجارت ، روابط اور کثیر الجہتی تعاون کے ذریعے علاقائی ترقی ہے ۔ انہوں نے روسی فیڈریشن کونسل کی سربراہ ویلنٹینا میٹوینکو کا ایک خط بھی پیش کیا جس میں سینیٹ کے چیئرمین منتخب ہونے پر سید یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد پیش کی گئی ہے اور مضبوط تعلقات کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔
چیئرمین سینیٹ نے اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور پارلیمنٹ ، حکومت ، روسی عوام کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ۔

اپنا تبصرہ لکھیں