وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا 16 ستمبر اوزون تہہ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

اسلام آباد: آج کے دن ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر اوزون تہہ جو کرہء ارض پر موجود ہر جاندار کو سورج کی نقصان دہ الٹرا وائلٹ شعاؤں سے تحفظ فراہم کرتی ہے، کے تحفظ کیلئے اپنی کوششوں کے جائزے اور ان کو جاری رکھنے کے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہیں.

بدقسمتی سے اوزون تہہ کو انسانی سرگرمیوں نے شدید متاثر کیا ہے اور اس میں شگاف کا باعث بنی ہیں. اوزون تہہ میں شگاف نے انسانوں سمیت کرہءارض پر موجود ہر جاندار کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے. تاہم اقوام متحدہ کے تحت ویانا کنوینشن اور مونٹریال پروٹوکول کے ذریعے عالمی کوششوں کے نتیجے میں اوزون تہہ میں شگاف کو کافی حد تک کم کرنے میں کامیابی حوصلہ افزاء امر ہے.

پاکستان نے عالمی برادری کے اوزون تہہ کے بچاؤ کیلئے ان بین الاقوامی اقدامات میں کلیدی کردار ادا کیا.
پاکستان نے 1992 میں مونٹریال پروٹوکول کی توثیق کی جو اوزون تہہ کو ختم کرنے والے کیمیائی مادوں (ODS) کو مرحلہ وار ختم کرنے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے. تب سے پاکستان نے اس حوالے سے نمایاں سنگ میل عبور کئے ہیں. اوزون تہہ کے تحفط کے اقدامات کے تسلسل کو جاری رکھنے کیلئے حکومت پاکستان نے 1996 میں خصوصی طور پر ایک نیشنل اوزون یونٹ (NOU) قائم کیا۔ اس یونٹ کے تحت پاکستان کسٹمز، ریفریجریشن و ایئر کنڈیشننگ انڈسٹری، وزارت تجارت، تکنیکی ماہرین و انجینئرز، درآمد کنندگان اور تاجروں کے ساتھ اپنی مشترکہ کوششوں کے ذریعے مونٹریال پروٹوکول کے گیارہ مراحل کامیابی سے مکمل کر لئے گئے ہیں۔

پاکستان نے 2009 تک اوزون تہہ کو متاثر کرنے والے کیمیائی مادوں کی پہلی قسم کو مرحلہ وار ختم کر دیا ہے اور جنوری 2020 تک HCFC میں 50% کمی کا ہدف حاصل کر لیا ہے. اس کے ساتھ ساتھ ہم 2025 تک اپنی متعدد صنعتوں کو اوزون دوست ٹیکنالوجیز پر منتقل کرکے 67.5% کمی کے ہدف کو پورا کرنے کے راہ پر تیزی سے گامزن ہیں. ماحولیاتی تحفظ کے تئیں ہمارا اجتماعی عزم بھرپور طریقے سے جاری ہے کیونکہ ہم کیگالی ترمیم کے تحت آنے والے HFC فیز ڈاون کیلئے تیار ہیں۔

میں اس موقع پر ماحولیاتی تحفظ کیلئے جاری مشترکہ اقدامات کیلئے اپنی حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہوں. اوزون تہہ کے تحفظ کے لیے ہماری اجتماعی کوششیں ماحولیاتی تحفظ کیلئے ہماری ذمہ داری اور پائیدار ترقی کے لیے ہمارے جزبے کی عکاسی کرتی ہیں۔ آئیں ہم اس مرتبہ کے تھیم “مونٹریال پروٹوکول – ایڈوانسنگ کلائمیٹ ایکشنز” کے تحت آئندہ نسلوں کیلئے کرہ ارض کی حفاظت کی خاطر اپنی متحدہ کوششوں کو جاری رکھنے کا عزم کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں