کشمیری حریت رہنما علی شاہ گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر صدر مملکت کا پیغام

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے اہم پیغام میں کہا ہے کہ آج ہم عظیم کشمیری رہنما، سید علی شاہ گیلانی کی تیسری برسی منا رہے ہیں۔ ہم غیر قانونی طور پر بھارتی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حقوق کے لیے اُن کی جراتمندانہ جدوجہد کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وہ دہائیوں تک امید اور مزاحمت کا چراغ بنے رہے اور بے شمار کشمیریوں کو خودارادیت کی جدو جہد میں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ دیا۔ کشمیری عوام کے جائز مقصد کے لیے ان کی انتھک محنت اور قربانیاں ہمارے دل و دماغ میں ہمیشہ نقش رہیں گی۔

سید علی شاہ گیلانی ایک عظیم رہنما تھے اور جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل تھا۔ قابض بھارتی افواج کی جانب سے نظر بندی اور قید و بند کی صعوبتوں کے باوجود، وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کیلئے آواز اٹھاتے رہے۔ قید و بند سمیت اُن کی ذاتی مشکلات ان کے عزم کو کمزور نہ کر سکیں اور نہ ہی وہ اپنے مشن سے پیچھے ہٹے۔

گیلانی صاحب نے ہمیشہ اپنی توجہ حتمی مقصد پر مرکوز رکھی اور کبھی بھی کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق خودارادیت کی جدو جہد سے ہٹنے نہیں دیا۔ سید علی شاہ گیلانی کا ورثہ ایک طاقتور محرک ہے جو آج بھی کشمیری عوام کو تحریک دیتا ہے۔ ان کی قیادت اور جبر کے خلاف ثابت قدمی نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی عوام پر گہرے نقوش چھوڑے ہیں۔

آج ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ سید علی شاہ گیلانی اور بے شمار دیگر افراد کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے اپنی جدو جہد جاری رکھیں گے۔ میں اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان ان کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی اخلاقی، سفارتی، اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

ہمیں سید علی شاہ گیلانی کی مثالی بہادری اور آزادی و انصاف کے اصولوں سے ان کی غیر متزلزل وابستگی سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ سید علی شاہ گیلانی پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں