گورنر پختون خواہ کی مداخلت خاتون کوہ پیما کے جوتے کسٹم حکام کی تحویل سے واگزار

خیبر پختونخوا کی معروف کوہ پیماء ثمر خان کے لاہور ائیرپورٹ پر روکے گئے خصوصی جوتے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی مداخلت کے نتیجہ میں کھلاڑی تک پہنچا دیئے گئے۔خیبر پختون خواہ کی کوہ پیما ثمر خان نے چند روز قبل سوشل میڈیا پر شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بیرون ملک سے کوہ پیمائی کے لیئے مخصوص جوتے بھجوائے گئے جو لاہور ائیرپورٹ پر کسٹم حکام نے ٹیکس کی ادائیگی سے مشروط کرتے ہوئے روک دئیے۔

واقعہ کا علم ہوتے ہی گورنر خیبرپختونخوا نے کسٹم حکام سے رابطہ کیا اور خاتون کھلاڑی کے خصوصی جوتے روکنے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ ہم کھلاڑیوں کو وسائل فراہم نہیں کرسکتے کم از کم انکو ملنے والی سہولیات کی راہ میں رکاوٹ تو نہ ڈالی جائے گورنر کے رابطہ کرنے کے بعد کسٹم حکام نے بوٹ کھلاڑی کے حوالہ کردئیے۔

مخصوص جوتے ملنے پر ثمر خان نے اپنے وڈیو پیغام میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور کسٹم حکام کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سبز ہلالی پرچم کو لہرانا انکی زندگی کا مقصد ہے۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اپنے پیغام میں کہا کہ صوبہ کا سافٹ امیج دنیا کے سامنے پیش کرنا میری ترجیحات میں شامل ہے کھلاڑی ہمارے سفیر اور اس مشن کا ہراول دستہ ہیں انکی تکالیف کا ازالہ ہمارے فرائض میں شامل ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں