کامونکے: بیساکھی فیسٹیول میں شرکت کے لئے آنے والے بھارتی سکھ یاتری گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد پہنچ گئے۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی نے ایس ایس پی آپریشنز فراز احمد، اسسٹنٹ کمشنر صدر کے ہمراہ ان کا پرتپاک کا استقبال کیا۔
مقامی صحافی چوہدری محمد خورشید کے مطابق بیساکھی میلہ کی تقریبات آج سے شروع ہو چکی ہیں جس میں شرکت کے لئے ملکی،بھارت اور دُنیا بھر سے سِکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔بیساکھی تقریبات کے سلسلہ میں گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد آمد پر سکھ یاتریوں کو ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی اور ایس ایس پی آپریشنز سرفراز احمد نے خوش آمدید کہا۔ مہمانوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے سکیورٹی و انتظامی امور اور پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں یہاں آکر اپنے گھر کی طرح کا تحفظ میسر ہے۔
بیساکھی میلہ کی تقریبات سلسلہ میں تین ہزار کے قریب سکھ یاتری واہگا بارڈر سے حسن ابدال کے لیے روانہ ہوں گے۔ سالانہ تقریبات میں شرکت کے لئے آنے والے مہمانوں کے لیے حکومت پاکستان کی طرف سے پاکستان ریلوے نے تین ٹرینز چلائیں اور سکھ یاتریوں کی سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے۔ ریلوے اسٹیشن ایمن آباد اور گوردوارہ روہڑی صاحب پر سکھ یاتریوں کے لیے ضلعی انتظامیہ، محکمہ اوقاف کی طرف سے کھانے پینے کا انتظام بھی کیا گیا۔
قبل ازیں ریلوے اسٹیشن واہگہ سے بذریعہ ٹرین سروس مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے تین ہزار کے قریب سکھ یاتری حسن ابدال، ننکانہ صاحب، نارووال، لاہور میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد بذریعہ ریلوے ہی ایمن آباد اسٹیشن پر پہنچے تھے۔
یاد رہے کہ ہر سال بیساکھی تقریبات میں شرکت کیلئے پاکستان سمیت بھارت، امریکہ، کینیڈا، برطانیہ اور دیگر ممالک سے ہزاروں سکھ یاتری اپنے مقدس مقامات پر حاضری کے لیے تشریف لاتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے ایمن آباد ریلوے اسٹیشن اور گوردوارہ روہڑی صاحب آمد پر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے جمرات کے روز اور جمعہ کے روز بھی دورہ کیا۔
گوردوارہ یاترہ کے لیے آنے والے سکھ یاتریوں کو ابتدائی طبی کی فراہمی کے لیے محکمہ صحت گوجرانوالہ کی طرف سے لگائے گئے ہیلتھ ڈیسک کا بھی معائنہ کیا جہاں شوگر، بلڈ پریشر، استھما سمیت دیگر امراض کی ابتدائی طبی امداد، جان بچانے کی ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنائی گئی تھی۔
ڈپٹی کمشنر نے مہمانوں کی گوردوارہ آمد سے قبل متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے مہمانوں کے لیے بہترین اور معیاری انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، پینے کا صاف پانی، بیٹھنے کا مناسب انتظام، صحت کے حوالے سے تمام تر انتظامات، صفائی ستھرائی، گوردوارہ کے اطراف سیکیورٹی اور دیگر تمام انتظامات کیے جائیں تاکہ آنے والے مہمان سکھ یاتریوں کو اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے میں کسی بھی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد آنے والے سکھ یاتریوں نے
ضلعی انتظامیہ، پولیس، محکمہ صحت، ضلع کونسل، گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، محکمہ اوقاف اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے سکیورٹی، ابتدائی طبی، کھانے پینے اور صفائی ستھرائی سمیت تمام انتظامات پر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ گوجرانوالہ ضلعی انتظامیہ اور تمام اداروں نے مل کر مثالی انتظامات کئے جس پر ہم حکومت پاکستان، وزیر اعلٰی پنجاب مریم نوازشریف اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ، انکی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ہمیں پرتپاک انداز میں خوش آمدید کہنے پر ہم تمام پاکستانی قوم کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں۔