سمندر پار پاکستانی ملکی تعمیر و ترقی کے سفر میں اہم شراکت دار ہیں، مسعود خان

نیویارک : امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ملکی تعمیر و ترقی کے اہم شراکت دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان ہے اور ہم سب نے مل کر اس ملک تقدیر بدلنی ہے۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ یہ امر انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ امریکہ میں زندگی کے ہر شعبے میں پاکستانی کمیونٹی اور ماہرین کی منفرد شناخت ابھر رہی ہے۔پاکستانی امریکن کمیونٹی نہ صرف سماجی و معاشی طور پرمنظر عام پر نمایاں ہو رہی ہے بلکہ سیاسی طور پر بھی اس کے قد کاٹھ میں اضافہ ہورہا ہے۔
سفیر پاکستان نے یہ بات نیو یارک میں پاکستانی کمیونٹی کے ساٹھ سے زائد اراکین سے پاکستانی قونصلیٹ نیو یارک میں ملاقات کے دوران کہی۔ پونے دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس نشست میں نمائندہ تنظیمیں، معروف کاروباری شخصیات، ڈاکٹرز اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی معروف پاکستانی شخصیات موجود تھیں۔
مسعود خان نے کہا کہ پاکستان مغربی ایشیا کا سب سے بڑا ملک ہے جس کی چونسٹھ فیصد سے زائد آبادی کی عمر تیس سال سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرت کی جانب سے پاکستان کو ہر قسم کی دولت سے نوازا گیا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمارا ملک ہماری قابلیت اور اہلیت سے مکمل طور پر استفادہ کرے۔
پاک امریکہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ افغانستان سے انخلاء کے بعد پاک امریکہ تعلقات سردمہری اور غیر یقینی صورتحال کا شکار تھے تاہم دونوں ملکوں کی کاوشوں سے نہ صرف ان تعلقات میں استحکام آیا ہے بلکہ ان تعلقات نے نئی جہت اختیار کی ہے جس میں تجارتی اور معاشی تعلقات کا فروغ کلیدی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔
سفیر پاکستان نے کاروباری شخصیات پر زور دیا کہ وہ ملک میں موجود کاروباری مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی، زراعت، توانائی اور معدنیات ترجیحی شعبہ جات ہیں جن میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ سفیر پاکستان نے ملک میں کام کرنے والی اسی (۸۰)امریکی کمپنیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سالہا سال سے ان سرکردہ کمپنیوں کی کامیاب کاروباری سرگرمیاں ملکی معاشی استعداد کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
سفیر پاکستان نے اس ضمن میں فن ٹیک، ایڈ ٹیک، ہیلتھ کیئر اور دیگر شعبہ جات میں امریکہ سے ہونے والی سرمایہ کاری کو خاص طور پر اجاگر کیا۔
مسعود خان نے کاروباری شخصیات پر زور دیا کہ توانائی جیسے شعبہ جات میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے پاس موجود سرمایہ سے استفادہ کریں۔
ملاقات میں موجود شرکاء نے مختلف موضوعات پر سفیر پاکستان سے بات چیت کی۔
پاک بھارت تعلقات اور خصوصاً مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پیش رفت پر بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امریکہ سمیت بین الاقوامی برادری سے مسلسل مطالبہ جاری ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لئے کشمیر سمیت دیرینہ مسائل کا بات چیت کے ذریعے حل نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دو جوہری طاقتوں کے مابین بات چیت میں خلل آنا انتہائی نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی امن کے لئے بلائنڈ سپاٹ بن چکا ہے جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
سفیر پاکستان نے کمیونٹی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ اختلاف رائے کو ملکی اور اجتماعی مفاد کی راہ میں حائل نہ ہونے دیا جائے۔
سفیر پاکستان نے شرکاء کو بتایا کہ سفارت خانے کی جانب سے امریکہ کے طول و ارض میں مقیم کارباری شخصیات اور پیشہ وارانہ تنظیموں کے درمیان ربط کاری کا اقدام اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے کمیونٹی اراکین پر زور دیا کہ وہ اس حوالے سے بڑھ چڑھ کر کردار ادا کریں تاکہ بہتر نیٹ ورکنگ اور ربط کاری کے ذریعے کمیونٹی کے کردار کو مزید موثر بنایا جا سکے۔
علاوہ ازیں سفیر پاکستان نے امریکن پاکستانی پبلک افئیرز کمیٹی کے وفد سے بھی ملاقات کی۔ وفد میں اے پی پیک کے چئیرمین ڈاکٹر اعجاز احمد، اسد چودھری، اعجاز علوی و دیگر شخصیات موجود تھیں۔ ملاقات میں نیویارک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے خاص طور پر سسٹر سٹی تعلقات استوار کرنے کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔

اپنا تبصرہ لکھیں