واشنگٹن ڈی سی : امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ “ہوپ پاکستان” ہزاروں افراد کے لئے امید کی ایک کرن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہوپ پاکستان کی بانی اور چیئرپرسن ڈاکٹر منیبہ اگبوٹ والا اور ان کی ٹیم کوان فلاحی سرگرمیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
سفیر مسعود خان نے یہ باتیں ہوپ پاکستان کی بانی اور چیئرپرسن ڈاکٹر منیبہ اگبوٹ والا اور اس کی ڈائریکٹر محترمہ عنبرین صدیقی سے اپنی ای میٹنگ کے دوران کہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی فلاحی تنظیموں نے انسانیت کی بے لوث خدمت سے پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ خدمات انسانیت کے رشتوں کو مضبوط کرتی ہیں اور دونوں ممالک کے لوگوں کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ہوپ پاکستان کی قیادت کے ساتھ سفیر پاکستان کی ملاقات سفارت خا نہ پاکستان کی جانب سے اس اقدام کا حصہ تھی جس کا مقصد امریکہ میں پاکستانی نژاد باشندوں کی زیر قیادت فلاحی اور انسانی ہمدردی کی تنظیموں کو باہم جوڑنا اور ان کی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانا ہے۔
ہوپ پاکستان نے امریکہ میں مخیر حضرات اور عطیہ دہندگان کا ایک مضبوط نیٹ ورک قائم کیا ہے اور پاکستان میں صحت، تعلیم اور ریلیف سرگرمیوں میں سرگرم عمل ہے۔
تنظیم کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر منیبہ اگبوٹ والا نے کہا کہ یہ تنظیم یونیسیف اور سندھ اور پنجاب کی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے تاکہ دیہی علاقوں میں مفت خدمات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم خاص طور پر غذائی قلت کا شکار بچوں پر توجہ دے رہی ہے اور اب تک نو لاکھ بچے اس کی کاوشوں سے مستفید ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں چھ لاکھ سے زائد مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں اس ضمن میں زچہ و بچہ کی صحت کی دیکھ بھال پر توجہ دی جا رہی ہے ۔ تنظیم نے ملک کے پسماندہ علاقوں کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تین رسمی اور 200 غیر رسمی اسکول قائم کیے ہوئے ہیں۔
ڈائریکٹر ہوپ محترمہ عنبرین صدیقی نے کہا کہ تنظیم پینے کے صاف پانی اور پیشہ ورانہ تربیت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ریلیف سرگرمیوں میں بھی پیش پیش ہے۔ تنظیم کی جانب سے ڈیڑھ لاکھ سیلاب متاثرین کو امدادی سامان فراہم کیا گیا۔ تنظیم امریکی ڈونرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ تنظیم کی جانب سے 30,000 سے زیادہ لوگوں کو رمضان کے دوران راشن فراہم کیا۔
محترمہ صدیقی نے کہا کہ ہوپ کی معاونت سے چلنے والے اسی فیصد سکول لڑکیوں کو تعلیم فراہم کر رہے ہیں ۔
سفیر پاکستان نے ہوپ پاکستان کی سرگرمیوں کو سراہا اور سفارتخانے کی جانب سے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔