سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے نواز شریف کی جانب سے سزاوں کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں دائر کی ہیں۔درخواستوں میں ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنس میں ان کی سزاؤں کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی استدعا کی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی جانب سے 2 نیب ریفرنسز میں سزاؤں کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواستیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کر دی گئی ہیں۔درخواستوں میں استدعا کی گئی ہے کہ اپیلوں کو بحال کر کے میرٹ پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ کیا جائے۔
درخواستوں میں مزید کہا گیا کہ ’درخواست گزار بیماری کی وجہ سے بیرون ملک علاج کے لیے گئے تھے، وہ اگرچہ مکمل صحت یاب نہیں ہیں لیکن ملک کی معاشی صورت حال کی وجہ سے انہوں نے واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
واضح رہے گزشتہ ہفتے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔جس پر عدالت نے انہیں سفری ضمانت فراہم کر دی تھی۔جبکہ نواز شریف کی پاکستان آمد کے موقع ان درخواستوں کی بائیو میٹرک تصدیق کے لیے نادرا کی ٹیم نے ایئرپورٹ پر سہولیات فراہم کی تھیں۔