✧ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی نے پاکستان میں امریکی تعلقات کی بہتری کی خواہش ظاہر کی
امریکی صدر منتخب ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی مشن کے ایلچی رچرڈ گرینل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی جیل سے رہائی کی خواہش ظاہر کی ہے۔
امریکی میڈیا آؤٹ لیٹ نیوز میکس کے ساتھ ایک انٹرویو میں رچرڈ گرینل نے عمران خان کے خلاف الزامات کو امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف الزامات سے موازنہ کیا۔ انہوں نے کہا صدر ٹرمپ کی طرح بہت سے ایسے ہی الزامات ہیں، جہاں حکمران جماعت نے انہیں جیل میں ڈالا اور کرپشن کے الزامات اور جھوٹے الزامات لگائے۔
گرینل نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو یہ فیصلہ کرنے کا حق ہونا چاہیے کہ عمران خان کو سیاست میں حصہ لینے کا موقع ملے یا نہیں، عمران خان کو جیل سے رہا ہوتے دیکھنا چاہتا ہوں
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے دور میں پاکستان اور امریکہ کے تعلقات عمران خان کے وزیراعظم ہونے کے دوران خاصے بہتر تھے۔
انہوں مزید کہا کہ امریکہ کا پاکستان کے ساتھ تعلقات ٹرمپ انتظامیہ کے دوران بہتر تھا جب عمران خان ملک کے وزیراعظم تھے، عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان بہت اچھے تعلقات تھے۔
رچرڈ گرینل کی یہ باتیں اس وقت سامنے آئی ہیں جب امریکی ارکانِ کانگریس نے عمران خان کی گرفتاری کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔
یاد رہے کہ نومبر میں امریکی ایوانِ نمائندگان کے 54 ارکان نے صدر جو بائیڈن کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان سے عمران خان کی فوری رہائی کے لیے اقدامات کرنے کی درخواست کی۔
خط میں کہا گیا کہ عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی ہے اور اس میں پاکستان کے تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کی بھی مطالبہ کیا گیا۔ ہماری تشویش کا اہم نقطہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی غیر قانونی گرفتاری ہے.
امریکی ارکانِ کانگریس نے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر ایوانِ نمائندگان کی قرارداد پر فوری عملدرآمد کی بھی درخواست کی۔