اسلامی جمہوریہ ایران کے پاکستان میں سفیر رضا امیری مقدم نے رحیم یار خان میں پاکستانی پولیس فورسز پر ہونے والے مسلح حملے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جس میں 12 بہادر پاکستانی افسران شہید ہوگئے۔
ایرانی سفارت خانے سے جاری ایک پیغام میں رضا امیری مقدم نے حکومت پاکستان، عوام اور ان تمام خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے جنہوں نے اس المناک واقعے میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔
ایرانی سفیر نے کہا، “ہم اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور سوگوار خاندانوں کو صبر عطا کرے۔”
ایرانی سفیر کا یہ پیغام پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی تعلقات اور مشکل وقت میں باہمی تعاون کا عکاس ہے۔