سفیر پاکستان مسعود خان کی جانب سے بطور پاکستانی ہائی کمشنر بہاماس گورنر جنرل کو سفارتی اسناد پیش
امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے آج ایک خصوصی تقریب میں بہاماس کی گورنر جنرل محترمہ سنتھیا اے پریٹ کو بطور پاکستان کے غیر رہائشی ہائی کمشنر اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ تقریب کا انعقاد بہاماس کے گورنر جنرل کے دفتر میں کیا گیا۔
اسناد پیش کرنے سے قبل اپنے ریمارکس میں سفیر پاکستان نے کہا کہ بطور ہائی کمشنر پاکستان اور بہاماس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کی توجہ اپنے عالمی تعلقات کے فروغ پر ہے اور اس ضمن میں ہم بہاماس کو اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتے ہیں۔
گورنر جنرل سنتھیا اے پریٹ نے پاکستانی سفیر کی سفارتی اسناد کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے، اس کی متنوع روایات اورباہمت عوام کے قدر دان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاماس علاقائی استحکام اور عالمی امن کی کوششوں میں پاکستان کی خدمات کا معترف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ڈائیلاگ، جمہوریت اور سفارت کاری کے فروغ کے حوالے سے پاکستانی قیادت کی لگن کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن، استحکام اور خوشحالی کے سفر میں بہاماس پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
پاکستان اور بہاماس کے درمیان مستقبل میں دو طرفہ تعلقات کا روڈ میپ پیش کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری، خاص طور پر سیاحت، مالیاتی خدمات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے ۔ان شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دیتے ہوئے اور ایک دوسرے کی صلاحیتوں کو برؤے کار لا کر ہم اقتصادی مواقع پیدا کرسکتے ہیں جس سے دونوں ملک استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ثقافتی، تعلیمی اور سماجی تبادلوں کے حوالے سے پر عزم ہیں جس سے ہمیں نہ صرف ایک دوسرے کے ثقافتی ورثے کو سمجھنے میں مدد ملے گی بلکہ ہمارے عوام کے درمیان دوستی کے دیرپا بندھن بھی مستحکم ہوں گے۔
گورنر جنرل سنتھیا اے پریٹ نے سفیر پاکستان کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت پاکستان کے ساتھ تجارت، سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے۔
گورنر جنرل نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ دونوں ممالک اپنی استعداد اور وسائل کو برؤے کار لا کر اپنے عوام کے لئے روشن اور خوشحال مستقبل بنا سکتے ہیں۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستان کی امیدواری کی حمایت پر حکومت بہاماس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ کثیرالجہتی تنظیموں کے پلیٹ فارم پر دو طرفہ تعاون مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے ۔
گورنر جنرل پریٹ نے موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی جیسے معاملات کے ضمن میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر مسعود خان نے اپنے ریمارکس میں اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ پاکستان اور کیریبین کمیونٹی کے مابین بہتر روابط استوار کرنے کے حوالے سے بہاماس ایک اہم کڑی ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی استحکام اور اقتصادی انضمام کے حوالے سے کریبین کمیونٹی کی اہمیت کو سمجھتا ہے اورتجارت اور ٹیکنالوجی جیسے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے امکانات دیکھ رہا ہے۔
سفیر پاکستان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور کمزور ممالک کے لئے منصفانہ اقتصادی و مالیاتی نظام کو رواج دینے میں سمال آئی لینڈ ڈویلپنگ ا سٹیٹس (ایس آئی ڈیز) گروپ کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
سفیر پاکستان کی جانب سے پاکستان کی قیادت کی جانب سے بھیجے جانے والے خیر سگالی کے پیغامات کا جواب دیتے ہوئے گورنر جنرل پریٹ نے صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا اور نیک جذبات کا اظہار کیا۔
قبل ازیں سفیر پاکستان نے بہاماس کی قائم مقام وزیر اعظم اور وزیر تعلیم سے بھی ملاقات کی۔
سفیر پاکستان نے بہاماس کے وزیر خارجہ فریڈرک اے مچل سے بھی ملاقات کی اور ان کو اپنی سفارتی اسناد کی کاپی پیش کی۔ بہاماس کی وزارت خارجہ کے مستقل سیکرٹری میلون سیمور اور ڈائریکٹر جنرل جیروسا علی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
علاوہ ازیں سفیر پاکستان نے بہاماس ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے سی ای او سمبر بھٹی سے بھی ملاقات کی۔ پاکستانی نژاد بہامین سمیر بھٹی نے سفیر پاکستان کو بی ٹی سی کی جانب سے ٹیکنالوجی کے میدان میں کمیونٹی کی خدمت کے حوالے سے آگاہ کیا۔