وفاقی محتسب نے پروٹیکٹریٹ آف امیگرانٹس کے خلاف شکایات کا ازخودنوٹس لے لیا.ترجمان وفاقی محتسب سیکریٹیریٹ کی طرف سے منگل کے روز بیان جاری کیا ہے۔جس کے مطابق وفاقی محتسب کی معائنہ ٹیم پروٹیکٹریٹ آف امیگرانٹس دفتر راولپنڈ ی کا دورہ کر ے گی۔
وفاقی محتسب اعجاز احمد قر یشی نے پرو ٹیکٹریٹ آف امیگرانٹس کے خلاف بدانتظا می کی شکایات کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے وفاقی محتسب سیکرٹیریٹ کے سینئر ایڈوائزر احمد فا روق کی سربراہی میں ایک معائنہ ٹیم تشکیل دی ہے جوبدھ کو پروٹیکٹریٹ آف امیگرانٹس، رحمن آباد، راولپنڈ ی کا دورہ کرے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی محتسب نے پروٹیکٹریٹ آف امیگرانٹس دفتر کے خلاف بدانتظامی بشمول بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کے سفر میں رکاوٹیں پیدا کرنے اور پروٹیکٹر اسٹیمپ لگانے میں تاخیر نیز ایجنٹوں کی دخل اندازی سے متعلق بڑ ی تعداد میں شکایات کا نوٹس لیا ہے۔جس پر یہ معائنہ ٹیم تشکیل دی ہے جو دورہ کے دوران ان شکایات کا جائزہ لے گی.
معائنہ ٹیم شکایات اور مسائل کے حل کے لئے تجاویز پرمبنی اپنی رپورٹ وفاقی محتسب کو پیش کرے گی۔ سینئر ایڈوائزر کی سربراہی میں یہ ٹیم پروٹیکٹریٹ آف امیگرانٹس آفس، رحمن آباد راولپنڈ ی کے دورے کے دوران موقع پر موجود افراد کی شکایات بھی سنے گی اور پروٹیکٹریٹ آف امیگرانٹس انتظامیہ سے مل کران کاقابل عمل حل تلاش کرے گی۔