8171بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا سرکاری نمبر ہے اس کے علاوہ کسی دوسرے نمبر پر بھروسہ نہ کریں، روبینہ خالد

اسلام آباد، 25 مئی، 2024: چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام محترمہ روبینہ خالد نے کہا ہے کہ 8171 بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا سرکاری نمبر ہے صرف اس نمبر سے پیغام موصول ہونے پر مستحق خواتین امدادی رقوم کے حصول کیلئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مقرر کردہ ادائیگی مراکز پر تشریف لائیں اور اپنے سہ ماہی وظائف وصول کریں۔ 8171 کے علاوہ کسی بھی دوسرے نمبر پر بھروسہ نہ کریں وہ یقینی طور پر جعلی نمبر ہے جسے معصوم عوام کو دھوکہ دہی کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ روبینہ خالد نے آج پشاور میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ادائیگی مراکز کے دورے پر خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
محترمہ روبینہ خالد نے واضح اعلان کیا کہ بینظیر کفالت کے تحت جاری کی جانے والی سہ ماہی قسط کی کل رقم 10500 روپے ہے، لہذا مستحق خواتین اپنی پوری رقم گن کر وصول کریں اور بینک کی رسید طلب کریں۔ وظائف سے کٹوتی یا عملے کی جانب سے بدسلوکی کی صورت میں فوری طور پر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیلپ لائن نمبر 080026477 پر شکایت درج کرائیں ۔
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے پشاور میں تماش سٹیڈیم اور یو سی 20 آفس میں قائم ادائیگی مراکز کا دورہ کیا جس کا مقصد مستحق خواتین میں ادائیگیوں کی تقسیم کے عمل اور سہ ماہی وظائف حاصل کرنے والوں کو فراہم کردہ ضروری انتظامات اور سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔
بعد ازاں، محترمہ روبینہ خالد نے پشاور میں بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے دفتر کا دورہ بھی کیا۔ عملے کو ہدایت دیتے ہوئے محترمہ روبینہ خالد نے کہا کہ عمر رسید اور چھوٹے بچوں والی خواتین کو ترجیحی بنیادوں پر رقوم کی ادائیگی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹوکن جاری کرتے وقت مستحق خواتین کو ان کی رقم سے بھی آگاہ کیا جائے۔ دفتر میں صفائی ستھرائی اور مستحق خواتین کیلئے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے خواتین کے ساتھ احترام اور شائستگی کے ساتھ پیش آنے پر زور دیا اور کہا کہ کسی بھی بدتمیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
محترمہ روبینہ خالد نے عملے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے فرائض پوری ایمانداری کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مستحقین اور عام عوام کی رہنمائی کے لیے واضح تحریری ہدایات اور بینرز آویزاں کیے جائیں تاکہ انہیں کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
****

اپنا تبصرہ لکھیں