ہیلی کاپٹر کے حادثے میں وفات پانے والے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ جنازے میں شامل ہونے کے لیے ہزاروں ایرانی شہری بدھ کو تہران کی سڑکوں پر نکلے۔
ایرانی زرائع ابلاغ کے مطابق شہر کے وسط میں صدر رئیسی کے پورٹریٹ اٹھائے ہوئے لوگ تہران یونیورسٹی کے اندر اور اس کے آس پاس جمع ہوئے، جہاں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے جنازے کی نماز کی امامت کی۔
عربیہ نیوز کے مطابق تہران سے میت شمال مشرق میں صدر رئیسی کے آبائی شہر مشہد منتقل کی جائے گی۔جبکہ اس کے بعد جنوبی خراسان صوبے میں لے جائی جائیں گی، جہاں جمعرات کی شام کو امام رضا کے مزار کے قریب ان کی تدفین کی جائے گی۔
بدھ کے روز ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی میتیں طیارے کے ذریعے تبریز سے تہران لائی گئیں، ایئرپورٹ پر جاں بحق ایرانی صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ایرانی صدر کی آخری رسومات میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ سمیت دنیا بھر کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی، روس، ترکیہ اور افغانستان سمیت دیگر ممالک نے اعلان کیا کہ وہ نماز جنازہ میں اپنے نمائندے بھیجیں گے۔
صدر رئیسی کا ہیلی کاپٹر اتوار کے روز تبریز شہر کے راستے میں شمالی ایران کے دھند سے ڈھکے ایک پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔
واقعے کے بعد نائب صدر محمد مخبر نے عبوری صدر کا منصب سنھال لیا ہے جب کہ سرکاری میڈیا کے مطابق اٹھائیس جون کو ملک میں صدارتی انتخابات منعقد ہوں گے۔ ایرانی جوہری مذاکرات کار علی باقری، جو نائب احسین امیر عبداللہیان کے نائب کے طور پر کام کر رہے تھے، اب عبوری وزیرخارجہ کا قلم دان سنبھال چکے ہیں۔
ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ایرانی صدرابراہیم رئیسی اور رفقا کی وفات پر سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے پانچ روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے، گزشتہ روز سے ایرانی صدر کی آخری رسومات کا آغاز تبریز میں ہوا ، تبریز میں بھی ایرانی صدر اور ان کے رفقاء کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں افراد شریک ہوئے اور مرحومین کیلئے دعا ئے مغفرت کی۔
ایران کے ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف مرحوم صدر سید ابراہیم رئیسانی اور وزیر خارجہ کی شہادت پر تعزیت کریں گے، وزیر اعظم کے ہمراہ ڈپٹی وزیر اعظم اور دیگر سینئر وزیر بھی جائیں.
.ترجمان کے مطابق وزیر اعظم شہبازشریف ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ قائم مقام صدر ڈاکٹر محمد مخبر سے بھی ملاقات میں اظہار افسوس کریں گے۔