پاکستان کے قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کو اقوام متحدہ سے منسلکہ ادارے گلوبل الائنس آف نیشنل ہیومن رائٹس انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے A-اسٹیٹس نیشنل ہیومن رائٹس انسٹی ٹیوشن کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔
پاکستان کے این سی ایچ آر کو اپنی پہلی کوشش میں ہی اس اعلیٰ ترین گریڈ کے ساتھ تسلیم کیا گیا ہے۔ پاکستان وہ واحد ملک ہے جس نے اس سال کے سیشن میں نیا A کا درجہ حاصل کیا ہے۔ یہ درجہ این سی ایچ آر کو انسانی حقوق کونسل، اور اقوام متحدہ کے دیگر اداروں میں ایک نشست فراہم کرے گا –
پاکستان قومی کمیشن براۓ انسانی حقوق کے لیے یہ ایک تاریخی لمحہ ہے ماضی میں پاکستان کا کمیشن صرف مبصر کے طور پر کام کر سکتا تھا۔
این سی ایچ آر کی چیئرپرسن، رابعہ جویری آغا نے کہا ہے کہ این سی ایچ آر کوAاسٹیٹس کے ادارے کے طور پر ایکریڈیٹیشن حاصل کرنے پر فخر ہے اور ہم اپنے اراکین، ٹیم، سول اور بین الاقوامی شراکت داروں اور یو این ڈی پی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
یہ سنگ میل پاکستان کے این سی ایچ آر کو عالمی معیار کے کمیشنز کے اتحاد میں جگہ دیتا ہے۔ اب این سی ایچ آر کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور دیگر عالمی فورمز پر انسانی حقوق کے لیے پاکستان کا مقدمہ پیش کرنے کی اجازت مل جائے گی اور اس اقدام کی بدولت پاکستان کو GSP+، FATF اور IMF سے مالی مراعات کے حصول کے لیے اسٹریٹجک مدد ملے گی ۔
یونیورسل پیریڈک رپورٹ میں پاکستان کے حالیہ جائزے میں، اٹھارہ ممالک نے این سی ایچ آر کے آزادانہ کام کرنے کی سفارش کی ہے ۔ آج اس کا اے مائنس ا سٹیٹس ایکریڈیشن عالمی سطح پر اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ پاکستان بین الاقوامی وعدوں کے مطابق انسانی حقوق کے اداروں کو سنجیدگی سے لے رہا ہے۔