جینی ویو واش پاکستان اور امریکہ کی دوستی کی علامت ہیں : مسعود خان

امریکی شہری جینیویو واش کی قیادت میں اقراء فنڈ شمالی علاقہ جات کے عوام کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے کے لئے مصروف ِ عمل

واشنگٹن ڈی سی، اقراء فنڈ کے سی ای او اور شریک بانی، امریکی خاتون جنیو یو واش نے کہاکہ اقرا ء فنڈ شمالی علاقہ جات میں مقامی کمیونٹیز کو بااختیار بنانے کے لیے کوشاں ہے تاکہ تمام طلباء، خاص طور پر طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کی جا سکے۔انہوں نے کہاکہ اگر لڑکیوں کو تعلیم میسر ہو تو کمیونٹیز ترقی کرتی ہیں، قومیں پھلتی پھولتی ہیں اور مجموعی طور پر معاشرے کا معیار بہتر ہوتا ہے۔ان خیالات کا اظہار لاس ویگاس نیواڈا سے تعلق رکھنے والے امریکی شہری جینیویو واش نے سفیر پاکستان مسعود خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
واش نے کہا کہ انہوں نے 2005 کے تباہ کن زلزلے ، جس میں اسی ہزار افراد لقمہ اجل بنے تھے کے دو سال بعد 2007 میں پاکستان کا پہلا دورہ کیا ۔ انہوں نے اقراء نامی ایک 13 سالہ لڑکی سے متاثر ہو کر، جس نے زلزلے کے بعد زندہ بچ جانے والے بچوں کو پڑھانے کے لیے ایک خیمہ سکول قائم کیا تھا، اپنی تنظیم کا نام ‘اقرا ء فنڈ’ رکھا۔ اس کا مقصد شمالی پاکستان کے دور دراز پہاڑی علاقے میں اعلیٰ معیار کے اسکول قائم کرنا اور ان کا نظام چلانا تھا۔

محترمہ وا ش نے کہا کہ 2011 سے اب تک حکومتی شراکت داری سے غیر فعال سرکاری اسکولوں کو فعال بنانے کے ساتھ ساتھ بیس سکول قائم کیے گئے ہیں جن میں علاقے کی 234 مقامی خواتین کوشامل کیا گیا ہے۔ تنظیم نے اب تک 94 اساتذہ کو بھرتی کیا ہے جنہیں سکول اور کمیونٹی لیڈرز کے طور پر تربیت اور رہنمائی فراہم کی گئی ہے۔ تنظیم نے اب تک 4098طلباء کو اسکولوں میں داخل کیا ہے جس میں 26 معذور طلباء بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ستر خواتین کو سکالرشپ دیا گیا ہے ۔ محترمہ واش نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ اقراء فنڈ نے 12 کلاس رومز اور 04 واش رومز تعمیر کیے ہیں۔ اس نے 55 سرکاری کلاس رومز اور 19 واش رومز کو قابل استعمال اور فعال رکھنے میں بھی تعاون کیا ہے۔
محترمہ واش نے سفیر پاکستان کو وادی باشا میں اپنے کام کے بارے میں بھی تفصیل سےبھی آگاہ کیا جس میں تیسر گاؤں، بیسل اور ڈوکو صابری میں اپنی ترجیحات کا خاکہ پیش کیا گیا۔
زندگی کی دوڑ میں کامیابی کے لئے طلباء کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے ان کے عظیم مشن کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ ان کا جذبہ اور مشن واقعی متاثر کن ہے۔
مسعود خان نے کہا کہ آپ پاکستان اور امریکہ کے عوام کے درمیان دوستی کی علامت ہیں۔ سفیر پاکستان نے مشن کو جاری رکھنے کے لیے محترمہ جینی ویو واش کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
***

اپنا تبصرہ لکھیں