فیصل آباد. کے ایف ڈبلیو ڈویلپمنٹ بینک جرمنی نے واسا فیصل آباد کے ساتھ 40 ملین یورو مالیت کی گرانٹ ان ایڈ پراجیکٹس پر مشترکہ کام کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے جس کے تحت پراجیکٹ کے حوالے سے ایک ہفتے میں تجاویز مانگ لی گئی ہیں ۔ اس ضمن میں قائم مقام مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا کیساتھ کے ایف ڈبلیو ڈویلپمنٹ بنک جرمنی کے چار رکنی وفد نے واسا کے مختلف پراجیکٹ سائٹس کا دورہ کرنے کے بعد دوبارہ ملاقات کی جس میں انہوں نے واضح کیا کہ واسا فیصل آباد شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سروسز مہیا کررہا ہے اور کے ایف ڈبلیو ڈویلپمنٹ بنک واسا فیصل آباد کے ساتھ مشترکہ پراجیکٹ کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے جس کے لئے واسا فیصل آباد اپنے مجوزہ پراجیکٹس کی تجاویز تیار کر کے ایک ہفتے میں ارسال کردیں تاکہ جرمنی حکومت کو پیش کی جا سکیں اور پھر منظوری کے بعد ان پراجیکٹس کو آگے بڑھایا جا سکے۔ اس حوالے سے مینجنگ ڈائریکٹر ثاقب رضا نے کہا کہ فیصل آباد کے ماسٹر پلان کے تحت نئے پراجیکٹس پر کے ایف ڈبلیو ڈویلپمنٹ بینک جرمنی کے ساتھ باہمی اشتراک سے کام کریں گے اور ہم اپنی تجاویز آئندہ ایک ہفتے کے دوران تیار کرکے بھجوا دی جائیں گی تاکہ جرمنی حکومت سے باضابطہ منظوری حاصل کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کے ایف ڈبلیو ڈویلپمنٹ بنک جرمنی کے وفد کو جے بی سی ان لائن چنیوٹ ، اچکیرہ ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ ، واٹر ورکس گلفشاں کالونی ،مدینہ ٹائون پائلٹ ایریا ، جھنگ روڈ ٹرنک سیور ، کینال روڈ ٹیوبلز سمیت مختلف ڈسپوزل اسٹیشنز کے وزٹ کروائے گئے ہیں تاکہ وہ واسا فیصل آباد کی کیپسٹی کو جائزہ لے سکیں اور ان تمام سائٹس کے وزٹ کے بعد بنک وفد نے واسا کی کارکردگی کو سراہا ہے اور مستقبل میں واسا فیصل آباد کے ساتھ مزید پراجیکٹس پر کام کرنے کی دلچسپی کا اظہار کیا ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ میٹنگ کے اختتام پر ایم ڈی واسا ثاقب رضا نے کے ایف ڈبلیو بینک جرمنی کے وفد کی آمد پر ان سے اظہار تشکر کیا اور انہیں الوداع کیا۔