مردان: ریلوے پولیس پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف ایکشن کے دوران سابقہ قابضین کی جانب سے یکطرفہ فائرنگ، ریلوے پولیس کے دو کانسٹیبل شہید۔ تفصیلات کے مطابق ریلوے انتظامیہ کو اطلاع ملی کہ مردان ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع زمان سنز ریلوے گودام کو عدالتی احکامات کے برخلاف ڈی سیل کیا جا رہا ہے۔ اطلاع ملنے پر فوری طور پر اینٹی انکروچمنٹ ٹیم تشکیل دی گئی جو آج صبح نو بجے مذکورہ گودام کے پاس پہنچی تو ٹیم پر قابضین کی جانب سے فائرنگ کر دی گئی جس کے نتیجہ میں کانسٹیبل محمد وقاص اور کانسٹیبل عمر خان شہید ہو گئے۔
ریلوے ٹیم نے انتہائی بہادری سے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دو حملہ آوروں منصف اور جمشید کو موقع سے گرفتار کر لیا۔ ریلوے پولیس کی مدعیت میں حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ زمان سنز ریلوے گودام کو ضلعی انتظامیہ نے ریلوے کی طرف سے دائر کیس میں ایڈیشنل سیشن جج کے احکامات کی روشنی میں سیل کر دیا تھا۔ گودام پر قابض افراد کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں کیس دائر کیا گیا مگر انہیں گودام کھولنے کی اجازت نہ دی گئی۔ قابضین نے ایڈیشنل سیشن جج مردان کے احکامات کے بر خلاف آج گودام کی ایک سائیڈ کو ڈی سیل کر دیا جس کی اطلاع ملنے پر ریلوے ٹیم نے کارروائی کی۔
چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل سپرنٹینڈنٹ پشاور کو واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ ریلوے انتظامیہ ریلوے پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، حملہ آوروں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
ترجمان ریلوے نے کہا کہ ریلوے کی زمینوں پر قابضین کے خلاف اینٹی انکروچمنٹ ڈرائیو پوری شدومد کے ساتھ جاری رہے گا۔ جب تک پورے ریلوے نیٹ ورک سے قبضہ مافیا کا خاتمہ نہیں ہو جاتا، چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
آئی جی ریلویز نے افسوس ناک واقعے پر کہا ہے کہ شہید کانسٹیبلز ہمارا فخر ہیں، ان کے ورثاء کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور قانون کے مطابق ان کی پوری معاونت کی جائے گی۔