پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنماء طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عوام نے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے جھوٹ، نفرت، انتشار اور منفی سیاست پر مبنی بیانیہ کو مسترد کر دیا ہے۔پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں صدر کے خطاب کے دوران اپوزیشن نے غیر سنجیدہ رویہ اپنایا جو کہ انتہائی شرمناک ہے، پی ٹی آئی کی سیاست میں دوبارہ کوئی جگہ نظر نہیں آرہی ہے۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پیر کے روز اسلام آباد میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ گذشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے گیارہ نشستیں جیت کرکلین سوئپ کرتے ہوئے واضح کامیابی حاصل کی ہے۔یہ کامیابی حکومت پر عوامی اعتماد کا اظہارہے۔ ملک میں جھوٹ، نفرت، انتشار اور منفی سیاست کا بیانیہ دم توڑ رہا ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا پی ٹی آئی کا بیانیہ جھوٹ، نفرت اور انتشار پھیلانے کا ہے جس سے عوام اب تنگ آ چکے ہیں۔انکے دور میں عوام میں افراتفری پھیلائی گئی اور تشدد کی سیاست کو فروغ دیا گیا،ن لیگ نے کبھی بھی انتشار ،نفرت اور تشدد کی سیاست کو فروغ نہیں دیا۔اگر کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابات کے نتائج پر اعتراض ہے تو وہ الیکشن ٹریبونلزسے رجوع کرے۔
انہوں نے کہا لڑائی جھگڑے سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے، پی ٹی آئی کی جانب سےنفرت آمیز رویہ ملک کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے،قومی اداروں کو نفرت کا نشانہ بنایا جانا کسی صورت قبول نہیں ہے،پی ٹی آئی کی سیاست میں دوبارہ جگہ نظر نہیں آ رہی ہے۔