عالمی دہشت گرد ریاست اسرائیل کی جارحیت پر برادر اسلامی ملک ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کا معاملہ
پاکستان تحریک انصاف نے دفترِخارجہ کا بیان نہایت کمزور، مبہم، غیرمؤثر اور ناکافی قرار دے دیا
عوامی مینڈیٹ پر کھلے ڈاکے کے نتیجے میں اقتدار پر قابض حکومت کی جانب سے مشرقِ وسطٰی کی مجموعی صورتحال اور ایران-اسرائیل تصادم پر قومی امنگوں کی ترجمانی کی ناکامی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت
قومی امنگوں کے امین قائد ناحق اڈیالہ میں قید کئے جانے کی بجائے عوامی مینڈیٹ کی روشنی میں قومی قیادت کے منصب پر فائز ہوتا تو قوم سے ساتھ مسلم اُمّہ کو درکار قیادت فراہم کرتے،
بےگناہ عورتوں، بچوں اور ضعیف افراد سمیت 35 ہزار فلسطینیوں کو نہایت بےرحمی اور سفّاکیّت سے موت کی نیند سلانے والے عالمی دہشت گرد اسرائیل کیخلاف مؤثر سفارتکاری میں کھلی ناکامی نہایت افسوسناک ہے،
قبلۂ اوّل پر ناجائز طور پر قابض اور جارح ریاست اسرائیل پر پاکستان کا قومی مؤقف جناب قائدِ اعظم کے وضع کردہ اصولوں پر استوار ہے،
عوامی مینڈیٹ روند کر پچھلے دو سال سے بالعموم اور 8 فروری کے بعد سے بالخصوص اقتدار پر وہ لوگ قابض ہیں جو اسرائیل کے حوالے سے نہایت مشکوک کردار اور ایجنڈے کے حامل ہیں، مشرقِ وسطٰی میں عالمی طاقتوں کی مجرمانہ پشت پناہی سے انسانیت اور عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے والے اسرائیل سے خفیہ روابط اور قومی پالیسی سے فرار کی مکروہ کوششیں ان کے نامۂ اعمال کا حصہ ہیں،
غزّہ میں نہتّی مقبوضہ آبادی پر اسرائیل کی غیرانسانی اور وحشیانہ یلغار کے خلاف قوم کے جذبات کو بے جان بیانات اور کھلی بے عملی کی نذر کیا گیا، فلسطین کے علاوہ اسرائیل جیسے عالمی بدمعاش کی دیگر مسلم ممالک کے خلاف جارحیت پر بھی نیم دلانہ مذمتوں کے ذریعے بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کی شرمناک کوشش کی گئی،
عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے جارحیت کی مرتکب ایک شریر ریاست کے خلاف ایران کے جوابی اقدام پر جاری بیان میں دفترِ خارجہ اپنے بے جان بیان میں اس اسرائیل کا نام تک نہیں لے سکا جس کیلئے ہمارا پاسپورٹ تک کارآمد نہیں،
پاکستان تحریک انصاف اسرائیل کو مزید جارحیت سے باز رکھنے اور غزّہ میں فوری جنگ بندی کیلئے عالمی برادری اور مسلم ممالک سے فوری کردار کے مطالبے کا اعادہ کرتی ہے، ترجمان تحریک انصاف
اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اہلِ فلسطین کی امنگوں کی روشنی میں مسئلہ فلسطین کے مؤثرحل کے بغیر اسرائیل پر قومی مؤقف میں رتّی بھر ردّوبدل قوم گوارا کرے گی نہ اقتدار پر غاصب غیرمنتخب ٹولے کو اس باب میں سودے بازی کی اجازت دیں گے،