شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے حمعہ کے روز راولپنڈی کمیٹی چوک میں منعقدہ القدس ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم القدس فلسطینیوں بالعموم تمام مظلوموں کی حمایت کا دن ہے۔اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم ممالک اسرائیلی جارحیت رکوائیں۔
اسلامی ممالک میں امن کے بغیر دنیا کو پرامن بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔اس لئے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیاتھا۔ اوراو آئی سی بھی اس ساری صورتحال میں خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کی جنگ دنیا کے سب سے بڑے ظالم اور مظلوم کی جنگ ہے۔ فلسطینی مظلومین جواں مردی کے ساتھ شہادت کو گلے لگا رہے ہیں۔فلسطینیوں کی استقامت اسرائیل کی نابودی کا باعث بن چکی ہے، شکست و ریخت سے دوچار صہیونی ریاست اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے، اس وقت جو جنگ فلسطین میں ہو رہی ہے یہ کسی مذہب و مسلک کی نہیں انسانیت کی جنگ ہے۔
غاصب اسرائیل اپنی تمام تر شیطانی اور غیر انسانی کاروائیوں کے باوجود ہار چکا ہے۔یمن کے پابرہنہ و باہمت مسلمانوں کی عاشورائی عظمت و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے وقت کی استعماری طاقتوں کو ناکوں چنے چبوانے پر مجبور کر دیا ہے، غیر مسلم انسانی بنیادوں پر غزہ کے معصوم بچوں اور خواتین کے لیے سراپا احتجاج ہیں۔