ایف آئی اے کا ملک بھر میں جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاون 76 گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی طرف سے جعلی ادویات میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گھیر کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جعلی ادویات میں ملوث ملزمان کے خلاف جمعرات کے روز 33 چھاپہ مار کاروائیاں کی گئی۔

چھاپوں کے نتیجے میں 24 انکوائریاں اور 5 مقدمات درج کئے گئے۔جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث 21 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔

کوہاٹ زون نے 17, پشاور زون نے 10, بلوچستان زون نے 4 چھاپہ مار کاروائیاں کیں۔ کوہاٹ زون نے جعلی ادویات میں ملوث ملزمان کے خلاف 14 انکوائریاں اور 3 مقدمے درج کر لئے۔

پشاور زون نے 6، بلوچستان زون نے 4 انکوائریاں درج کیں۔جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث مجموعی طور پر 21 ملزمان کو گرفتار کیا گیا

جبکہ گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر 200 چھاپہ مار کاروائیاں کی گئی۔چھاپوں کے نتیجے میں 117 انکوائریاں اور 53 مقدمات درج کئے گئے۔

جبکہ مجموعی طور پر 76 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔چھاپوں کے دوران بھاری مقدار میں جعلی، ممنوعہ اور غیر رجسٹرڈ ادویات برآمد کی گئی۔ملزمان سے برآمد کی گئی ادویات کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔

مذکورہ ادویات کو ڈریپ حکام کے حوالے کر دیا گیا۔چھاپوں کے دوران متعدد دکانوں کو سیل کیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر نے چھاپہ مار کاروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی ادویات کی فروخت میں ملوث منظم گینگ کو بے نقاب کیا جائے۔

ملزمان کے خلاف کاروائیاں انٹیلیجنس بنیادوں پر یقینی بنائی جائیں۔انکوائریوں کو جلد مکمل کر کے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔کسی شخص کو معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں