گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے 9ویں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح کردیا

کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کراچی کمیونٹی پولیسنگ منصوبہ کے تحت شہر قائد کے 9 ویں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا ڈیفنس پولیس اسٹیشن میں افتتاح کردیا ۔ اس سے قبل عزیز آباد ، نارتھ ناظم آباد ، ناظم آباد، ملیر سٹی ، سولجر بازار ، نیو سبزی منڈی ، نیپئر اورگزری کے تھانوں میں بھی کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز قائم کئے جا چکے ہیں۔

ڈیفنس پولیس اسٹیشن پروجیکٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں پر جدید ترین کیمرے نصب کئے جارہے ہیں جس سے جرائم کی واضح تصاویر اور ویڈیوز حاصل ہوسکیں گی۔ گورنرسندھ نے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے یہ شہر کے ہر تھانے میں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ تشویشناک حد تک بڑھ چکا ہے اسے کنٹرول ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ڈکیتی مذاحمت پر قتل ہونے والے رائیڈر علی رہبرجیسے واقعات افسوسناک ہیں۔

کراچی کمیونٹی پولیس کے سربراہ مراد سوہنی نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنڑول روم کے تحت جہاں جہاں کیمرے نصب کئے گئے ہیں وہاں پر جرائم کی شرح میں 40 سے 50فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

اس سے قبل ڈیفنس کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے متعلق گورنر سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈیفنس کے 28کلومیٹر کے علاقہ میں 158 کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ شہر بھر میں مزید 8کمانڈ اینڈ کنٹرول رومز کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا، اس پروگرام کے تحت 2ہزار سے زائد کیمرے نصب کئے جارہے ہیں ۔

اپنا تبصرہ لکھیں