جعلی غیر رجسٹرڈ اور منوعہ ادویات کی فروخت کے خلاف ایف آئی اے کے چھاپے

وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے جعلی، غیر رجسٹرڈ اور ممنوعہ ادویات کے خلاف چاپہ مار کاروائیاں کر کے کروڑوں روپے مالیت کی جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات برآمد کر لیں۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران راولپنڈی کے علاقے بوہڑ بازار میں واقع 2 میڈیکل سٹورز میں چھاپہ مار کاروائیاں کیں۔

ترجمان ایف آئی آے کے مطابق چھاپوں کے دوران بڑی مقدار میں غیر رجسٹرڈ اور جعلی ادویات برآمدکی گئی ہیں۔برآمد ہونے والی ادویات کی مالیت 1 کروڑ روپے سے زائد ہے۔برآمد ہونے والی ادویات میں بڑی تعداد میں ممنوعہ ادویات بھی شامل ہیں۔

برآمد ہونے والی ادویات کو ڈریپ حکام کے حوالے کر دیا گیا۔ملزمان کے خلاف انکوائری درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔ڈریپ حکام کی رپورٹ کی روشنی میں ملزمان کے خلاف مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جائی گی۔

ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔چھاپہ مار ٹیمیں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے ساتھ مشترکہ کاروائیاں کر رہی ہیں۔ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ممنوعہ ادویات کی تیاری اورخریدوفروخت میں ملوث عناصر کے خلاف جی ٹی ایس چوک فیصل آباد میں ڈرگ انسپکٹر کے ہمراہ چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔ یہاں ممنوعہ ادویات کی خریدوفروخت میں ملوث ملزم کو گرفتارکر لیا گیا۔

ملزم محمد منیب الحق 11 مختلف اقسام کی ممنوعہ ادویات کی خریدوفروخت میں ملوث پایا گیا۔ممنوعہ ادویات کو تحویل میں لے کر ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں