اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے روس کے سفیر البرٹ پی خوریف کی وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے ماسکو حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اس المناک واقعہ پر روس کے ساتھ کھڑا ہے۔
روسی سفیر نے صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سےعہدہ سنبھالنے پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے تہنیتی پیغام پر صدر ولادی میر پیوٹن کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان روس کے ساتھ متعدد شعبوں بالخصوص توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری میں دو طرفہ تعاون بڑھانا چاہتا ہے۔
شہباز شریف نے بین الحکومتی کمیشن کا نواں اجلاس جلد بلانے کی ضرورت پر زور بھی دیا۔ روس اس سال کے آخر میں آئی سی جی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔روسی سفیر کا کہنا تھا کہ روس پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کےعلاوہ روس تعلیم،ثقافت میں بھی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ مزید برآں ، وزیراعظم پاکستان کی سرمایہ اور تجارت کےلیے روسی وفد کو پاکستان کے دورہ کی دعوت بھی دی۔