اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان محمد شہبازشریف سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی اہم ملاقات ہوئی، جس میں دہشت گردی کے خلاف جاری اینٹلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے درمیان ملاقات ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی اجلاس سے قبل ہوئی۔
آرمی چیف نے وزیراعظم کو اپنے دورہ سعودی عرب پر اعتماد میں لیا جبکہ شہباز شریف نے پاک سعودی عرب تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر دہشت گردی کے خلاف جاری اینٹلی جنس بیسڈ آپریشنز کے نتائج پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہوئے ۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی نے نگراں حکومت میں بھی مؤثر اور بھرپور کام کیا۔
ان کا اس موقع پر مزید کہنا تھا کہا کہ معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے یہ پلیٹ فارم بہت اہم ہے، معاشی چیلینجز سے نمٹنے کے لیے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے، عسکری قیادت نےاس پلیٹ فارم کی کامیابی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں غیر معمولی کام کیا۔