اسلام آباد: پشاور اور اسلام آباد کی خواتین ٹیموں کے درمیان ایک T20 کرکٹ میچ آج اسلام آباد کے نیشنل کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا جس میں دونوں ٹیموں نے شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غیر معمولی کارکردگی دیکھائی اور اسلام آباد کی خواتین ٹیم نے ایک سخت مقابلے کے بعد پشاور کی ٹیم سے ٹرافی اپنے نام کر لی۔
میچ کا اہتمام انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ اینڈ ریفارمز انٹرنیشنل نے علی رحمان ملک کی قیادت میں رحمان ملک فاؤنڈیشن کے تعاون سے کیا جسکا مقصد خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
رحمٰن ملک فاؤنڈیشن کے چیئرمین علی رحمان ملک نے تقریب کی اہمیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “یونٹی کپ خواتین کو بااختیار بنانے اور ہمارے لوگوں کے درمیان یکجہتی کو فروغ دینے کے لئے منعقد کیا گیا ہے اور وہ اپنے مرحوم والد سینیٹر رحمان ملک کی وراثت کو جاری رکھے ہوئے ہیں، خواتین کو بااختیار بنانے، اقلیتوں کے حقوق اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کی وکالت کرتے رہینگے۔
پشاور اور اسلام آباد کی خواتین ٹیموں نے میدان میں پرجوش انداز سے مظاہرہ کیا اور تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد جس میں خواتین اور بچے شامل تھے نے شرکت کی۔ پی پی پی ڈیجیٹل میڈیا اسلام آباد کے سربراہ عمر رحمان ملک نے اسلام آباد اور پشاور کی نوجوان خواتین چیمپئنز کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے رحمان ملک فاونڈیشن کی اس اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اسپورٹس مین شپ اور دوستی کے مشترکہ جذبے کی علامت کے لیے اکٹھے ہوئے، جس سے خواتین کی بااختیار بنانے اور ہم آہنگی کے پیغام کو تقویت ملی۔
آئی آر آر کے ڈائریکٹر ریاض علی طوری نے اس بات پر زور دیا کہ یونٹی کپ نے خواتین کو بااختیار بنانے اور اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسلام آباد اور پشاور کی خواتین کے درمیان اپنی نوعیت کا پہلا کرکٹ میچ ہے اور آئی آر آر انٹرنیشنل مستقبل میں اس طرح کے ایونٹس منعقد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
آئی آر آر انٹرنیشنل کے چیئرمین علی رحمان ملک نے ویمن آف دی میچ، کلثوم زائر گل اور ہانیہ کو شاندار کارکردگی پر نقد انعام دینے کا اعلان کیا۔
علی رحمان ملک نے یونیٹی کپ کی اہمیت کا اعادہ کرتے ہوئے خواتین کو اس طرح کے مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنے اور امن اور اتحاد کو فروغ دینے کے لیے ملک بھر میں اسی طرح کی تقریبات منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کیا-