کمشنر فیصل آباد سلوت سعید کی زیرصدارت نگہبان رمضان پیکج پر عملدرآمد کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد

فیصل آباد-کمشنر سلوت سعید کی زیرصدارت نگہبان رمضان پیکج پر عملدرآمد کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ ڈپٹی کمشنرفیصل آباد عبداللہ نیئر شیخ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے رجسٹرڈ گھرانوں کی تصدیق کے بارے میں جاری اقدامات پر بریفنگ لیتے ہوئے کمشنر نے تصدیق کا کام فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی اشیاء کے معیار کی چیکنگ کرے گی جبکہ پولیس سکیورٹی پلان اور ٹرانسپورٹیشن پلان کو فی الفور مکمل کریں۔انہوں نے کہا کہ اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈویژن میں تقریبا 8 لاکھ رجسٹرڈ گھرانوں کو 10 کلوگرام آٹا،دو کلوگھی،دوکلوچینی،دو کلوچاول اوردو کلوبیسن پر مشتمل پیکٹ فراہم کرنے کے لئے انتظامات مکمل کئے جارہے ہیں۔ ماہ صیام میں صارفین کو حکومتی ویژن کے مطابق راشن کی فراہمی کے لئے پرعزم ہیں۔دریں اثناء کمشنر نے آٹا،چینی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی ذخیرہ اندوزی پر سخت ایکشن کی ہدایت کی اور کہاکہ صارفین کے لئے مشکلات پیدا کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ رواں سال یکم جنوری سے اب تک ڈویژن میں ذخیرہ اندوزی پر47 مقدمات درج،23 ذخیرہ اندوز گرفتار، 20 گودام، دکانیں سیل اور 18 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔گزشتہ سال 2023ء میں 147 مقدمات درج اور 55 دکانیں سیل کرنے کے علاوہ ایک کروڑ 29 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں