وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے برٹش ہائی کمشنرجین میریٹ کی لاہور میں ایک ملاقات ہوئی، جس میں دونوں فریقین کے مابین پنجاب کے طلبا کے لئے اعلی برطانوی یونیورسٹیوں میں سکالر شپ بڑھا نے، پنجاب میں گرلز ایجوکیشن کے فروغ اور موسمیاتی تبدیلی اورماحولیاتی آلودگی کے سدباب پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر برٹش ہائی کمشن لاہور آفس کی سربراہ کلاراسٹرینڈ ہوج بھی موجود تھیں۔
برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ نے وزیراعلی مریم نواز شریف کو پہلی خاتون وزیر اعلی بننے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گورنس اور شفافیت پر اپنے ویژن سے آگاہ کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہم پنجاب کو ڈیجیٹلائزیشن کے جدید دور میں لے جانا چاہتے ہیں اور لاہور میں آئی ٹی پارک کے پراجیکٹ سے بھی آگاہ کیا۔وزیر اعلی پنجاب نے مزید کہا کہ لاہور میں آئی ٹی،ٹوئن ٹاورز کا پراجیکٹ بہت جلد شروع کیا جائے گا۔
اس حوالے سے آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کے لئے برطانوی اداروں کو ممکنہ سہولتیں فراہم کریں گے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے وزیر اعلی پنجاب کےڈیجیٹل پنجاب ویژن کو سراہا۔