جمعرات کے روزاراکینِ قومی اسمبلی کے حلف اٹھانے سے قبل اور حلف اٹھانے کے بعد شدید نعرے بازی ہوئی۔ایوان منڈی اور بازار بن گیا۔مسلم لیگ ن کے اراکین نے اپنے قائد نواز شریف کے حق میں اور بانیٔ پی ٹی آئی کے خلاف نعرے بازی کی۔سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے بانیٔ پی ٹی آئی کے حق میں اور میاں نواز شریف کے خلاف نعرے لگائے۔مسلم لیگی ارکان نے قائدِ ایوان کے ڈیسک کے سامنے حصار بنا لیا، نواز شریف کی کرسی کے اطراف جمع ہو کر نعرے لگانے لگائے۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ہاؤس آرڈر میں کرنے کی بار بار ہدایت کی۔مسلم لیگ ن کے ارکان نے نواز شریف کے گرد حصار بنا کر شیر شیر کے نعرے لگائے۔اسپیکر قومی اسمبلی ارکانِ اسمبلی کو مسلسل نظم و ضبط قائم رکھنے کی تلقین کے ساتھ کہتے رہے کہ ممبران اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں۔اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا الیکشن لڑنے والے ممبران اپنے حلف سائن کر لیں۔علیم خان کو دستخط کرنے کے لیے بلایا گیا تو سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے ’لوٹا لوٹا‘ اور بانیٔ پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگائے۔عامر ڈوگر نے حلف پر دستخط کرنے کے بعد قیدی نمبر 804 کے نعرے لگائے، سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے ڈیسک بجا کر خیر مقدم کیا۔سنی اتحاد کونسل کے ارکان اسپیکر ڈائس کے گرد جمع ہو گئے، اس موقع پر جمشید دستی نے نعرے بازی کی۔اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے ہدایت کی کہ گیلری سے کوئی نعرےبازی نہیں کرے گا ورنہ میں ان کو باہر نکال دوں گا۔گیلری میں نعرے لگانے والے نوجوان کو سیکیورٹی اہلکاروں نے ایوان سے باہر نکال دیا۔ن لیگی ارکان مسلسل ’گھڑی چور، گھڑی چور‘ کے نعرے لگاتے رہے۔بلاول زرداری نے ایوان میں مولانا فضل الرحمٰن،اختر مینگل اور مختلف ارکان کی نشستوں پر جا کر ان سے مصافحہ کیا اور خیریت دریافت کی۔جبکہ بلاول زرداری کے حلف دستخط کرنے کے موقع پر ایوان جیئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔