نو منتخب اراکین سندھ اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔ اپوزیشن جماعتوں کا سندھ اسمبلی کے باہر مختلف شاہراہوں پر احتجاج

کراچی : سندھ اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے حلف لیا۔ پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین نے حلف اٹھایا۔جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے آزاد امیدواروں کی حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل،جی ڈی اے اورجماعت اسلامی کے اراکین نے اجلاس میں شرکت نہیں کی ۔اپوزیشن جماعتیں سندھ اسمبلی کے باہر مختلف شاہراہوں پر احتجاج اور دھرنا دیتی رہیں۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر سراج درانی نے اراکین سے حلف لینے کے بعد اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات کے لیے شیڈول جاری کیا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے اویس قادر شاہ نے اسپیکر اور نوید انتھونی نے ڈپٹی اسپیکر کے لیے کاغذات جمع کرائے جبکہ ان کے مد مقابل متحدہ قومی موومنٹ کی خاتون رکن اسمبلی صوفیہ شاہ نے اسپیکر اور راشد خان ایڈوکیٹ نے ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات کے لیے فارم جمع کراٸے۔ کل بروز اتوار صبح گیارہ بجے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات ہوں گے۔ پیپلز پارٹی نے متحدہ قومی موومنٹ سے درخواست کی ہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات میں ان کے امیدوار کی حمایت کی جاٸے تاکہ وہ بلا مقابلہ کامیاب ہوں۔ متحدہ قومی موومنٹ نے مشاورت کے بعد جواب دینے کہا ہے ۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کی احتجاجی ریلیوں کو سپر ہاٸی وے اور شاہراہ فیصل پر روک دیا گیا اور انھیں سندھ اسمبلی نہیں جانے دیا گیا ۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر پولیس نے درجنوں کارکنان کو حراست میں لے لیا جس میں خواتین کارکنان بھی شامل ہیں ۔

اپنا تبصرہ لکھیں