واشنگٹن ڈی سی : امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے پاکستان کی سرمایہ کاری کے منظر نامے کو تیز رفتار منظوریوں، منصوبوں پر آسان عملدرآمد اور یقینی منافع کو یقینی بنانے کے ساتھ تبدیل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے آئی ٹی، زراعت، متبادل توانائی اور معدنیات کو ترجیحی شعبوں کے طور پر چنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاک نژاد امریکی شہریوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اس نادر موقع سے فائدہ اٹھائیں اور ترجیحی شعبہ جات میں اپنی سرمایہ کاری میں اضافہ کریں۔”
سفیر مسعود خان نے یہ باتیں ہیوسٹن، کیلیفورنیا اور امریکہ کے دیگر حصوں میں مختلف چیمبرز آف کامرس اور کاروباری اداروں کے سربراہوں کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ کے دوران کہیں۔
یہ ملاقات کاروباری تنظیموں اور تجارتی اداروں کو جوڑنے اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے مطلوبہ ہم آہنگی پیدا کرنے کے حوالے سے سفارت خانے کی جانب سے اٹھائے جانے والے خصوصی اقدام کی کڑی تھی۔
اجلاس میں پاکستان چیمبر آف کامرس یو ایس اے (ہیوسٹن) کے صدر عامر پپرانی، چیئرمین پی اے سی سی (لاس اینجلس کیلیفورنیا) وقار علی خان، صدر ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن محمد سعید شیخ، صدر جارجیا پاکستان بزنس کونسل عمران نیازی ، معروف امریکی کمپنی کعبہ فیوژن کے سی ای او ڈاکٹر سہیل مسعود، ڈائریکٹر پاکستان سٹاک ایکسچینج لمیٹڈ احمد چنائے اور دیگر معروف کاروباری شخصیات بشمول عثمان ارشد، سید ایف اسماعیل، جناب مقصود، افشاء خان اور مقصود علی شریک تھے ۔ ملاقات کے دوران لاس اینجلس اور ہیوسٹن میں پاکستان کے قونصل جنرل اور شعبہ تجارت کے افسران بھی موجود تھے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے امریکہ میں پاکستانی تاجر برادری کو خراج تحسین پیش کیا جو پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے اور مادر وطن میں اپنا سرمایہ لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی اداروں کو جوڑنے کے لیے سفارت خانے کے اقدام کا مقصد بہتر اقتصادی نتائج کے لئے ایک مضبوط نیٹ ورک بنانا ہے ۔
چیئرمین پاکستان چیمبر آف کامرس عامر پپرانی نے شرکاء کو بتایا کہ پی اے سی سی گذشتہ 27 سالوں سے اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور دو طرفہ تجارت کو فروغ دینے کے لیے باقاعدگی سے ٹریڈ شوز، نمائشیں اور سیمینارز کا انعقاد کر رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رواں سال اکتوبر میں تجارتی نمائش کے انعقاد کے حوالے سے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ اشتراک جار ی ہے انہوں نے ایکسپو کے کامیاب انعقاد کے لیے شرکاء سے تجاویز طلب کیں۔
معروف کاروباری اور فلاحی سرگرمیو ں سے منفرد شناخت حآصل کرنے والے کعبہ فیوژن کے سی ای او ڈاکٹر سہیل مسعودنے اپنی کامیابی کے سفر سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ ڈاکٹر سہیل مسعود ہوم انفیوژن انڈسٹری کے بانی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہیلتھ کیئر کے شعبے میں پاکستانیوں کے لیے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کے لیے کعبہ فیوژن نے پاکستان میں بھی دفتر قائم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کعبہ فیوژن پاکستان میں ہوم انفیوژن سروسز بھی متعارف کررہا ہے یہ سہولت عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری صحت کی دیکھ بھال فراہم کرے گی اور ہیلتھ کئیر سے وابستہ افراد کے لیے روزگار کے وسیع مواقع بھی فراہم کرے گی۔
سی ای او ٹی ایس آئی انجنیئرنگ اور یو ای ٹی سے فارغ التحصیل جناب مقصود علی نے بتایا کہ انہوں نے یو ای ٹی کے لئے گذشتہ ماہ ڈیڑھ لاکھ ڈالر کے فنڈ اکٹھے کیے۔ انہوں نے یو ای ٹی کے طلبا کی معاونت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ کولمبیا یونیورسٹی نے چھوٹے کاروبار کی ترقی کے لیے ان کے ماڈل کا مطالعہ کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے پاکستانی طلباء کو کنسٹرکشن مینجمنٹ کی تعلیم دینے کا مشورہ دیا۔
محمد سعید شیخ، صدر ہیوسٹن-کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے کی جانے والی امدادی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔ علاوہ ازیں انہوں نے شرکاء کو پاکستان اور امریکہ کے کاروباری اداروں کو باہم جوڑنے اور پاکستان کے نوجوانوں کے لئے اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔
ڈائریکٹر پاکستان سٹاک ایکسچینج لمیٹڈ احمد چنائے نے پاکستان میں نئے اور موجودہ کاروباری مواقعوں کو اجاگر کیا جہاں کاروباری برادری زبردست منافع حاصل کر رہی ہے۔ انہوں نے خصوصی طور پر مالیاتی بلز اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ضمن میں حاصل ہونے والے منافع کو اجاگر کیا۔
اس موقع پر دیگر شرکاء نے بھی خطاب کیا اور ملک کی معاشی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے پاک امریکہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا۔
سرمایہ کاری کے لیے چار ترجیحی شعبوں میں موجود مواقعوں پر روشنی ڈالتے ہوئے سفیر پاکستان مسعود خان نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی سرمایہ کاری اور کاروباری برادری آئی ٹی، قابل تجدید اور متبادل توانائی، زراعت اور کان کنی کے شعبہ جات میں ایس انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی معاونت سے استفادہ کر سکتے ہیں ۔ سفیر پاکستان نے کاروباری برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مکمل اعتماد کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ پاکستان پر آپ کا اعتماد امریکہ میں آپ کے ہم منصبوں کی حوصلہ افزائی کرے گا کہ وہ پاکستان کو اپنی سرمایہ کاری کے لیے ترجیحی منزل کے طور پر منتخب کریں ۔