کانفرنس پاک امریکہ تعلیمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے ضمن میں اہم سنگ میل ہوگی: مسعود خان
امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یو ایس ایڈ)، نیشنل رورل سپورٹ پروگرام ( این آر ایس پی) اور آل پاکستان ویمن یونیورسٹیز کنسورشیم کے تعاون سے ’تنوع اور شمولیت کے ذریعے رکاوٹیں دور کرنے کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس‘ کا انعقاد کرے گا۔ یہ کانفرنس 26-29 فروری 2024 کو منعقد کی جائے گی جس کا مقصد امریکہ کے ایم ایس آئیز اور پاکستان اٹھارہ خواتین یونیورسٹیوں کے درمیان شراکت داری کو مضبوط بنانا ہے۔ ایم ایس آئیز امریکہ میں اعلیٰ تعلیم کے خاص ادارے ہیں جو مخصوص طبقات اور خطوں کے افراد کو اعلیٰ تعلیم فراہم کرتے ہیں۔
امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان اس بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد حوالے سے کہا کہ یہ اقدام ہمارے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینے اور خاص طور پر ہماری خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔
سفیر مسعود خان نے ان خیالات کا اظہار آج یو ایس ایڈ کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس کی قیادت سینئر ڈپٹی اسسٹنٹ ایڈمنسٹریٹر زینہ صلاحی کر رہی تھیں۔ وفد کے دیگر ارکان میں جنوبی اور وسطی ایشیا کے لیے ایشیا بیورو کے ڈائریکٹر پیٹر ینگ، ایڈلین جوشوا اور برٹنی براؤن شامل تھے۔
کانفرنس کے حوالے سے وفد نے بتایا کہ بین الاقوامی کانفرنس خواتین پیشہ ور افراد، اسکالرز، سائنسدانوں اور کمیونٹی ایڈوکیٹس کے درمیان تعاون کو فروغ دے گی تاکہ موسمیاتی تبدیلی ، پانی کے بہتر انتظام اور مسائل کے حل کے حوالے سے مقامی حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکمت عملی تشکیل دینے کے عمل میں صنفی شمولیت کے طریقوں کو فروغ دیا جا سکے۔
بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ ایم ایس آئیز اور پاکستان کی خواتین یونیورسٹیوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون ہماری خواتین کو موسمیاتی تبدیلی، سمارٹ ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے، زرعی پیداوار میں اضافے، لوکلائزیشن، پرائیویٹ سیکٹر کی شمولیت اور انٹرپرینیورشپ سمیت اہم شعبوں میں کلیدی کردار ادا کرنے کے قابل بنائے گا۔ .
سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ تعلیم کے شعبے میں تعاون ہمیشہ پاکستان اور امریکہ تعلقات کا ایک اہم ستون رہا ہے اور اس طرح کے اقدام، خاص طور پر خواتین کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات نہ صرف ہمارے تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے بلکہ خواتین کو تعمیری عمل میں زیادہ متحرک کردار ادا کرنے میں سہولت کار ثابت ہوں گے۔
سفیر پاکستان نے بین الاقوامی کانفرنس کی کامیابی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے دور دراز علاقوں میں تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور ہنر کے فروغ کے حوالے سے یو ایس ایڈ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کانفرنس کی کامیابی اور مستقبل میں دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے سفارت خانہ پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون اور سہولت کاری کی یقین دہانی کرائی۔