الیکشن کمیشن نے این اے 15کا نتیجہ روکنے کی نوازشریف کی استدعا مسترد کردی

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ میں الیکشن نتائج سے متعلق نواز شریف کی انتخابی عذرداری کی درخواست مسترد کر دی گئی۔جمعرات کے روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے این اے 15 مانسہرہ میں نواز شریف کی عذرداری درخواست کی سماعت کی۔

نواز شریف کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے تاہم ریٹرننگ افسر این اے 15 مانسہرہ نے اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کروا دی۔جس پر بینچ نے فیصلہ دیتے ہوئے نواز شریف کی درخواست مسترد کر دی۔

فیصلے کے بعد نواز شریف کے وکیل پیش ہوئے اور درخواست مسترد نہ کرنے کی استدعا کی جس پر الیکشن کمیشن نے نواز شریف کے وکیل کو دوبارہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ نواز شریف نے این اے 15 مانسہرہ کا انتخابی نتیجہ چیلنج کرتے ہوئے مخالف امیدوار شہزادہ گستاسپ خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا کی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں