بین الاقوامی ماہرین کیمسٹری کی اوپن یونیورسٹی کے سیمینار میں شرکت

اسلام آباد علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں شعبہ کیمسٹری کے تحت “کیمسٹری میں جدید رجحانات” کے موضوع پر دو روزہ چھٹی بین الاقوامی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا کہ سائنس کے فروغ کے بغیر ملک و قوم کی ترقی ایک خواب ہے، طلبہ ملک کی خوشحالی اور اپنے خوابوں کی تکمیل کے لئے بھرپور محنت کریں کیونکہ خوشیاں محنت کے بغیر حاصل نہیں ہوتیں۔انہوں نے کہا کہ جو محنت کرتا ہے دنیا اُن کے لئے کھلی ہے اور طلبہ کی کامیابی ادارے کی عزت کا باعث ہوتی ہے۔وائس چانسلر نے معاشرے کے لئے کارآمد اور اپلائیڈ ریسرچ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ کو کیمسٹری میں حالیہ رجحانات سے روشناس کرانے کے لئے اِس کانفرنس میں کیمسٹری کے نامور ماہرین کو مدعو کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کیمسٹری میں ہونے والی پیش رفت سے بخوبی آگاہ ہوسکیں۔

ترجمان اوپن یونیورسٹی کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کانفرنس میں ملکی ماہرین کے علاوہ روس اور چین کے علاوہ دیگر ممالک کے ماہرین شریک ہیں۔افتتاحی سیشن سے خطاب میں شعبہ کیمسٹری کی چئیرپرسن، ڈاکٹر عظمیٰ یونس نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد تفصیل سے بیان کئے۔انہوں نے کہا کہ یہ کانفرنس ہمارے لئے بہت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ایک جانب ہم یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی منارہے ہیں تو دوسری جانب شعبہ کیمسٹری کی سلور جوبل منائی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ تحقیق کی بنیاد پر طلبہ کے تیار کردہ پراجیکٹس کو شو کیس کرانا، ریسرچ کے معیار میں بہتری لانے کے لئے سکالرز کو قومی اور عالمی ریسرچ کمیونٹی کے ساتھ بات چیت کا پلیٹ فارم فراہم کرنا اور کیمسٹری میں حالیہ رجحانات سے طلبہ کو روشناس کراناکانفرنس کے مقاصد میں شامل ہیں۔

ڈاکٹر عظمی ٰ یونس نے کہا کہ کانفرنس میں ملک کی 11جامعات کے سکالرز اپنے مقالہ جات پیش کریں گے جبکہ چین اور روس کے سکالرز اپنے مقالے آن لائن پیش کریں گے جو کیمسٹری میں موجود تحقیق کے تمام شعبوں کا احاطہ کرے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں