مجلس وحدت مسلمین کے فیصلوں کا اختیار عمران خان کے پاس ہو گا علامہ ناصر عباس

اسلام آباد چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے منگل کے روززرائع ابلاغ کے لیے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ کامیاب اراکین اسمبلی کی مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت کے فیصلے پر انہیں خوش آمدید کہتے ہیں.

مجلس وحدت مسلمین عمران خان کی اپنی جماعت ہے اور وہ اس جماعت کے حوالے سے جو چاہے فیصلہ کر سکتے ہیں. اور ہمارے تمام امکانات سے استفادہ کر سکتے ہیں، ہم اسے بلامشروط اور من و عن قبول کریں گے۔ہمارا روز اول سے یہ موقف بھی رہا ہے اور ہم نے اپنے عمل و کردار سے بھی یہ ثابت کیا ہے کہ ہم کسی جماعت پر بوجھ نہیں بنتے بلکہ مشکل وقت میں باوفا دوست بن کر ساتھ نبھاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا اتحاد بنیادی اصولوں کی بنیاد پر ہے جن میں آزاد خارجہ پالیسی، داخلی خودمختاری، سرحدوں کے تحفظ، عالمی طاقتوں کی غلامی سے انکار، مسلم ممالک سے برادرانہ تعلقات اور گلگت بلتستان کے لیے آئینی حقوق کا حصول شامل ہے، جو خون کے آخری قطرے تک قائم رہے گا. عمران خان کی قیادت میں پوری قوم مل کر وطن عزیز کو ایک آزاد، خود مختار،باوقار اور امن کا گہوارہ ریاست بنانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں