پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر وفاقی محتسب نے حکام کو طلب کر لیا

اسلام آباد: پاسپورٹ کے اجرا میں تاخیر کی وجوہات پر وفاقی محتسب نے پاسپورٹ آفس کی رپورٹ کو غیر تسلی بخش اور ناکافی قرار دے دیا۔ترجمان وفاقی محتسب کی طرف سی جاری بیان میں بتایا گیا ہے کو وفاقی محتسب اعجبز احمد قریشی نے پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر نا قابل برداشت قرار دیا ہے۔وفاقی محتسب نے پاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر پر قابو پانے کے لئے پاسپورٹ انتظامیہ کی طرف سے دی گئی رپورٹ کو غیر تسلی بخش اور ناکافی قرار دیتے ہوئے مسئلہ کے فو ری حل کے لئے متعلقہ حکام کو طلب کر لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ کے اجراء میں غیرمعمولی تاخیرناقابل برداشت ہے۔پا سپورٹ انتظامیہ کئی مہینوں سے اس مسئلہ پر قا بو نہیں پا سکی۔پاسپورٹ کی عدم موجودگی کے باعث بیرون ملک سفر کرنے والوں کومشکلات کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔پاسپورٹ آفس کی خدمات کے بدلے عوام براہ راست معاوضہ ادا کرتے ہیں لہذا عوام کو بہتر اور بلاتاخیر خدمات فراہم کی جانی چاہئیں۔

وفاقی محتسب کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ آفس کو ضرورت کے مطابق پاسپورٹ کی پرنٹنگ کے لئے کاغذ اور سیاہی وغیرہ کا پیشگی بندوبست کرنا چا ہئے تھا۔وفاقی محتسب نے پاسپورٹ آفس کے خلاف ہزاروں کی تعداد میں شکایات کاازخود نوٹس لیتے ہوئے وفاقی محتسب سیکرٹیریٹ کے سینئر افسروں پر مشتمل ایک معائنہ ٹیم پاسپورٹ آفس اسلام آباد بھیجی تھی۔ٹیم نے پاسپورٹ آفس اسلام آباد کے دورے کے دوران شکایات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ موقع پر موجود افراد کی شکایات بھی سنیں۔

ٹیم نے پاسپورٹ انتظامیہ کے ساتھ طویل اجلاس کے دوران اس مسئلہ کے حل کے لئے انتظامیہ کوہدایات بھی دی تھیں اور ذمہ داران کا تعین کرنے کا بھی کہا تھا تاکہ آئندہ ایسی صورت حال سے بچا جا سکے۔پاسپورٹ انتظامیہ ابھی تک ان ہدایات پر مکمل طور پر عملدرآمد کرنے میں نا کام رہی ہے۔وفاقی محتسب نے پاسپورٹ آفس کی طرف سے دی گئی رپورٹ کو غیر تسلی بخش اور ناکافی قرار دیتے ہوئے صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے متعلقہ حکام کو طلب کر لیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں