پارہ چنار میں دہشت گردی کے خلاف بچوں کا کتابوں کے ہمراہ اسلام آباد میں مظاہرہ

اتوار کے روز پارہ چنار یوتھ اور اہلیان پارہ چنار کے زیر اہتمام مسافر گاڑیوں پر حملوں کے خلاف سکول طلباء کے ہمراہ اسلام آباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔شرکاء نے امن وامان قائم کرنے حق میں اور دہشتگردی کے خلاف نعرہ بازی کی، اس موقع پر بچوں نے کتابیں اٹھا رکھیں تھیں۔

احتجاج کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخواہ کے صوبائی جنرل سیکرٹری شبیر ساجدی نے کہا کہ ضلع کرم پارہ چنار کے پرامن عوام کے ساتھ کئی دہائیوں سے مظالم کے پہاڑ توڑے گئے ہیں لیکن آج تک کسی نے اس کا ازالہ نہیں کیا۔ بلکہ حالات گھمبیر صورتحال اختیار کرتے جا رہے ہیں۔افسوس ناک بات یہ ہے کہ مسافر گاڑیوں پر سیکورٹی کے حصار میں حملے کیئے گئے ہیں، بوڑھے والدین کے سامنے سر راہ جوان بیٹے اور بیٹیوں کو شہید کیا گیا ہے۔ کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر شبیر حسین نے کہا کہ مسافر گاڑیوں پر دن دیہاڑے دہشت گردانہ حملے سنگین صورت اختیار کر چکے ہیں، جس سے عوام میں شدید بے چینی اور تشویش پائی جارہی ہے، ڈاکٹر رقیہ بنت نجف علی سمیت تمام بے گناہ قتل کیئے گئے افراد کا خون ریاست کے کندھوں پر قرض ہے، جنہیں بے دردی کے ساتھ شہید کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں