آصفہ بھٹو زرداری نےٹنڈو الہ یار میں خواتین کے حقوق اور انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانے کی وکالت کی ہے۔

شاہ پور رضویہ، ٹنڈو الہ یار میں خواتین کے ورکرز کنونشن میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب میں آصفہ بھٹو زرداری نے خواتین کے حقوق اور معاشی آزادی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اپنے پیغام کو بلاول بھٹو زرداری کے ’عوامی معاشی معاہدہ‘ کے اصولوں سے ہم آہنگ کیا۔
آصفہ بھٹو زرداری نے اپنی تقریر کا آغاز اپنی والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیااور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے لیے جدوجہد کی،آصفہ بھٹو نے ان کی قیادت میں اہم اقدامات پر روشنی ڈالی جنہوں نے پاکستان میں خواتین کے پولیس اسٹیشنز، لیڈی ہیلتھ ورکرزپروگرام، اورفرسٹ ویمن بینک کی طرزپر اقدامات سے خواتین کے کردار میں انقلاب برپا کیا۔ اس کے بعد انہوں نے ان تاریخی کوششوں کو بلاول بھٹو زرداری کے عصری معاشی وژن سے جوڑا، خاص طور پر خواتین پر براہ راست اثر انداز ہونے والے ’عوامی معاشی معاہدہ کے عناصر پر توجہ مرکوز کی۔
انہوں نے خواتین کی معاشی شراکت داری کے حوالے سے بلاول بھٹو کے عزم کا حوالہ دیا، “ہمارے ایجنڈے میں خواتین کے لیے مساوی کام کے لیے مساوی تنخواہ کو یقینی بنانا، اور مائیکرو فنانس اور سکل ڈویلپمنٹ پروگراموں کے ذریعے خواتین میں صنعت کاری کو فروغ دینا شامل ہے۔” یہ بیانیہ پیپلز پارٹی کی افرادی قوت میں صنفی فرق کو ختم کرنے اور خواتین کی ملکیت والے کاروبار کی حمایت کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔آصفہ بھٹو زرداری نے خواتین کو بااختیار بنانے میں تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کی اہمیت پر زور دیا،جو 10 نکاتی معاہدے میں کلیدی اہمیت رکھتے ہیں، “ایک پڑھی لکھی عورت اپنے پورے خاندان کی ترقی کرتی ہے۔ خواتین کے لیے صحت کی دیکھ بھال اور تعلیم کے فروغ کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے پی پی پی کی ماضی کی کامیابیوں بشمول لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام، ان شعبوں سے ان کی دیرینہ وابستگی کے ثبوت کے طور پر حوالہ دیا، ۔دیہی خواتین کی حالت زار پر بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، “پی پی پی اپنی دیہی بہنوں کو درپیش منفرد چیلنجوں کو سمجھتی ہے۔ زمینی حقوق، زرعی اصلاحات، اور قرض تک رسائی ہمارے اقتصادی منصوبے کا لازمی جزو ہیں، جو خواتین کو فائدہ اٹھانے والے اور فیصلہ ساز دونوں کے طور پر بااختیار بناتے ہیں۔اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، “جب کہ دوسرے چند امیروں پر توجہ مرکوز کرتے ہیں، ہم بہت سے لوگوں کی ترقی کرنا چاہتے ہیں، خاص طور پر ہماری خواتین جو ہمارے معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔” انہوں نے پی پی پی کو پسماندہ طبقے کی چیمپئن کے طور پر پیش کیا، اس کے اہداف دیگر سیاسی جماعتوں کے اہداف سے مختلف ہیں۔ انہوں نے وہاں موجود لوگوں سے کہا کہ وہ مقامی امیدواروں ذوالفقار علی بچانی، سید ضیاء عباس شاہ رضوی اور امداد پتافی کو ووٹ دیں اور عوامی مینڈیٹ کو مضبوط کرنے کے لیے انہیں پارلیمنٹ میں منتخب کریں۔
بلاول بھٹو کی حمایت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ”8 فروری کو تیر کو ووٹ دیں۔ بلاول بھٹو زرداری کو ایک خوشحال اور مساوی پاکستان کے لیے اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بااختیار بنائیں، جہاں خواتین سب سے آگے ہوں.آصفہ بھٹو زرداری نے اتحادپرزور دیتے ہوئے کہا کہ ہم مل کر اپنی قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ پی پی پی ایک ایسا پاکستان بنانے کے لیے پرعزم ہے جہاں ہر عورت کو خواہ اس کا پس منظر کوئی بھی ہو اسے پھلنے پھولنے کا موقع ملے۔

اپنا تبصرہ لکھیں