اسپیکر قومی اسمبلی کا پارلیمنٹ کے سبزہ زار میں قائم کیے جانے والے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے آفس کا افتتاح

اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے منگل کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں قائم ہونے والے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے آفس کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں پی آر اے کے عہدیدارن، ممبران، سینئر صحافی قومی اسمبلی کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اسپیکر نے آفس کے قیام پر پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ پی آر اے کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پریس گیلری پارلیمان کا اہم جزو ہے،پریس گیلری کے بغیر پارلیمان مکمل نہیں ہوتا۔میڈیا اور پارلیمان کا گہرا تعلق ہے۔میڈیا عوام اور پارلیمان کے مابین پل کو کردار ادا کرتا ہے۔پارلیمانی رپورٹرز پارلیمان میں ہونے والی قانون سازی اور دیگر پارلیمانی سرگرمیوں سے عوام کو آگاہی فراہم کرتے ہیں۔پارلیمانی رپورٹرز کو سازگار ماحول اور بہترین سہولیات کی فراہمی ہمیشہ میری اولین ترجیح رہی ہے۔پریس گیلری کے رپورٹرز نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اقتدار کے اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ پارلیمان 25 کروڑ عوام کی دانشگاہ ہے۔پارلیمان طاقت کا سر چشمہ ہے اور تمام اداروں کا محور ہے۔پارلیمان کی عزت و تکریم ہم سب پر لازم ہے۔ پارلیمان کی عزت و تکریم میں اضافے کے لیے میڈیا کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام اداروں کے مابین ہم آہنگی اور ملکر چلنا ضروری ہے۔ملک کے روشن مستقبل کیلئے آپس کے باہمی اختلافات کو بھلا کر ہمیں آگے بڑھنا ہو گا۔جمہوریت اور پارلیمان کا استحکام ملک ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔سارے ادارے پاکستان کے ہیں ہمیں اپنے ادارے کی عزت کرنی چاہیے۔ملک کو درپیش چیلنجوں کو مل کر حل کرنے کی ضرورت ہے۔ملک کے مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ملکر بیٹھنے کی ضرورت ہے۔
صحافی کے سوال کے جواب میں اسپیکر نے کہا کہ 9 مئی کا واقعہ انتہائی شرمناک ہے اس کا ذکر بھی نہیں کرنا چاہیے۔28 مئی کا دن پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کا دن تھا۔ہم سب نے ملکر پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے کام کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بقاء کی خاطر پیپلز پارٹی نے لازوال قربانیاں دی ہیں مگر ملکی کی سلامتی پر حملہ نہیں کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں