چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کشمیر کے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر پیغام

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کشمیر کے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے تنازعہ کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کے ذریعے ممکن ہے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ہم اپنے بھائیوں اور بہنوں کے جائز مقصدحق خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے پرامن عوام مسلسل مشکلات کا شکار ہیں اورنہ صرف ان کے حق خود ارادیت سے انکار کیا جا رہا ہے بلکہ انہیں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امنگوں کے مطابق اس تنازع کا منصفانہ اور پرامن حل خطے میں پائیدار امن کے لیے بہت اہم ہے۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ 5 اگست2019 کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بد ترین پامالی کی مثال قائم کی ہے اور کشمیری تشخص کو مسخ کیا ہے۔بھارت کا یہ غیر انسانی اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی نہ صرف کھلی خلاف ورزی ہے بلکہ انسانی حقوق کے علمبردار ممالک، اداروں اور تنظیموں کیلئے ایک کھلا چیلنج بن چکا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی برادری کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت کے حصول میں اپنا بھرپورکردار ادا کرے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امنگوں اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل تک ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے یک زباں اور ایک صفحہ پر ہیں۔پاکستان کی عوام اور تمام ادارے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں نہ صرف معصوم نہتے کشمیریوں کی بھر پور حمایت کرتے ہیں بلکہ ان کے حق خود ارادیت کے حصول تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی بدترین مثال قائم کرتے ہوئے لاکھوں کشمیریوں کو نظر بند کر دیا ہے۔5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کی ضمانت دی تھی۔کشمیریوں کا حق خود ارادیت ان کا جمہوری حق ہے اور پاکستان اس مؤقف کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔پاکستان ہر فورم پر کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی کشمیر کے یوم حق خود ارادیت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے، جمہوریت پسند ممالک اور تنظیمیں کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے ملکی و بین الاقوامی سطح پر مل کر مزید اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے زیادہ دیر اپنا غیر قانونی تسلط قائم نہیں رکھ سکتا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عالمی برادری کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لے۔

اپنا تبصرہ لکھیں