پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کو قومی تاریخ کا ایک بھیانک دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ہولناک خونریزی کی یاد ہر پاکستانی کے ذہن میں آج بھی تازہ ہے۔بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں اس سانحہ کے معصوم شہداء اور ان کے اساتذہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے خاندانوں سے ایک بار پھر یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہ تو شہدا کو بھولیں گے اور نہ ہی اس سانحہ کو۔ ہم دہشتگردی کے متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ شہداء کے خاندانوں کا غم مجھ سے بہتر کوئی نہیں سمجھ سکتا، کیونکہ میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا بیٹا ہوں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں انتہا پسندی و دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یقینی بنائیں گے کہ پاکستانی قوم کو پھر کبھی سانحہ اے پی ایس جیسے لمحات سے گذرنا نہ پڑے۔ ہمیں انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خلاف جنگ جیتنا ہوگی، اورہم یہ جنگ ضرور جیتیں گے۔
صدر آصف علی زرداری کی زیرِ قیادت سابقہ حکومت نے سوات میں دہشتگردی کو شکست دی تھی، اب 8 فروری کو الیکشن میں کامیابی کے بعد آنے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نیشنل ایکشن پلان پر من و عن عملدرآمد کرے گی اور دہشتگردی کو ہمیشہ کے لیے جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔