ترک فضائیہ کے کمبیٹ کمانڈر کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

ترک فضائیہ کے کمبیٹ کمانڈر جنرل اسماعیل گنیکیا نے آج سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور، بالخصوص دوطرفہ تربیت اور حالیہ مشترکہ منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت کے ساتھ ہوا بازی کی صنعت میں تعاون کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کو جدت سے ہمکنار کرنے کے لیئے جاری حکمت عملیوں اور فریم ورک سے آگاہ کیا جس میں نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی شمولیت، اہم انفراسٹرکچر کو تقویت دینے اور تربیتی شعبے کی ایک جامع تنظیم نو شامل ہے جس سے عصرحاضر کے فضائی جنگی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے گا۔ ائیر چیف نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ دونوں برادر ممالک کے مابین دیرینہ مذہبی اور تاریخی روابط استوار ہیں جو انکی باہمی بےمثال تزویراتی شراکت داری کا مظہر ہیں۔ فضائی مشق انڈس شیلڈ میں ترک فضائیہ کی شرکت کو سراہتے ہوئے ائیر چیف نے دوطرفہ عسکری تعاون، اسٹریٹجک اتحاد اور تربیتی شعبے میں پہلے سے موجود تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ کے پائلٹس ترک فضائی عملے کو بنیادی ٹیکٹیکل تربیت فراہم کرنے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے ترک فضائیہ کی تربیت اور اسکی آپریشنل صلاحیتوں کو مزید تقویت دینے کے پاک فضائیہ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

ترک فضائیہ کے کمبیٹ کمانڈر جنرل اسماعیل گنیکیا نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دونوں برادر ممالک کے مابین موجودہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے ممتاز ایئر پاور سینٹر آف ایکسیلینس میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ترک لڑاکا پائلٹس کو ٹیکٹیکل مہارت سے لیس کرنے کے لیے سینٹر کے کمبیٹ کمانڈرز کورس میں انکی تربیت کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ سربراہان نے دوطرفہ اور کثیر الملکی فضائی مشقوں، بالخصوص جدید دور کے تکنیکی منصوبوں کے ذریعے تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا۔ معزز مہمان نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں قائم پاک فضائیہ کے نیشنل آئی ایس آر اینڈ انٹیگریٹڈ ایئر آپریشنز سینٹر اور سائبر کمانڈ سمیت مختلف تنصیبات اور تکنیکی انفراسٹرکچر کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا بھی دورہ کیا جو پاکستان کے ترقی کی جانب سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے اور ملک کی ایرو اسپیس انڈسٹری کی تشکیل، اسٹریٹجک شراکت داری کے فروغ اور پاکستان کی اقتصادی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ترک فضائیہ کے کمبیٹ کمانڈر کا دورہء پاکستان دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین تعاون، مضبوط عسکری روابط کے فروغ اور دوطرفہ تزویراتی شراکت داری کو تقویت دینے کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں