کراچی کے شاپنگ مال میں آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق، 11 زخمی

کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں آگ لگنے سے ایک افسوسناک واقعہ میں 5 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے جوہر موڑ پر واقع شاپنگ مال میں لگنے والی آگ پر تین گھنٹے گزرنے کے بعد بھی قابو نہیں پایا جاسکا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر واقع شاپنگ مال میں آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہو گئی جب کہ جھلسنے سے 11 افراد زخمی ہوئے، جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

آتشزدگی کے واقعے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جب کہ شاپنگ سینٹر میں موجود درجنوں دکانیں بھی جل گئیں۔

ریسکیو ترجمان کے مطابق 7 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں بچا لیا گیا، 30 سے 35 افراد اپنی مدد آپ کے تحت عمارت سے باہر آئے جب کہ مزید پھنسے افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

آگ پر قابو پانے کے لیے مزید دو فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل کو موقع پر پہنچایا گیا جب کہ عمارت کے اندر کچھ لوگوں کے پھنسے ہونے کی اطلاع ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ چھت پر نصب جنریٹر کے باعث لگی۔ عمارت کی بالائی منزل پر دھواں بھر جانے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ عمارت میں پھنسے دو افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ آگ لگنے سے شیشے کے ٹوٹنے سے دھماکوں کی آوازیں آرہی ہیں۔ آگ چوتھی، پانچویں اور چھٹی منزل تک پھیل چکی ہے۔ فائر بریگیڈ کی کل چھ گاڑیاں اور دو فائر انجن آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں