پاکستان اور چین کے تعلقات پر رشید جمال کی کتاب کی تقریب رونمائی

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ چین اورپاکستان ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھی رہے ہیں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ رشتہ ہے اور دونوں ممالک کے عوام بھی ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔

سینیر صحافی رشید جمال نے پاکستان اور چین کے تعلقات پر بہترین کتاب لکھی ہے اس کتاب سے دونوں ممالک کے عوام مزید ایک دوسرے کے قریب آئیں گے ۔وہ جمعہ کے روز مقامی ہوٹل میں سینیر صحافی رشید جمال کی تحریر کردہ کتاب ( Pakistan-China All weather strategic partner ) کی تقریب رونمائی میں بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔

پروگرام کی صدرات کراچی میں چین کے قونصل جنرل ہز ایکسیلینسی Mr.Yang Yundong کر رہے تھے۔ انھوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت افراد کی کمی نہیں ہے ۔پاکستان اور چین کے ہمیشہ دیرینہ تعلقات ہیں اور ہر سطح پر یہ تعلقات مستحکم ہیں انھوں نے کہا کہ رشید جمال کی کتاب ایک اچھی کاوش ہےاس میں پاکستان اور چین کے تعلقات کو بہتر انداز میں پیش کیا گیا ہے ۔

کتاب کے مصنف رشید جمال نے گورنر سندھ ، چین کے قونصل جنرل سمیت تمام مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوٸے کتاب کی اہمیت اور اسکی ضرورت سے حاضرین کو آگاہ کیا انھوں نے کہا کہ ہم اپنی تحریر سے بھی دونوں ممالک کے لوگوں کو قریب لا سکتے ہیں۔ تقریب سے کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی ،سابق وزیر بیرسٹر شاہدہ جمیل،مرزا اختیار بیگ،سینیر صحافی عامر ضیا،ڈاکٹر سید جعفر احمد اور ایڈیٹر ڈیلی فنانشل منظر نقوی نے بھی خطاب کرتے ہوئے رشید جمال کی کتاب کو سراھا۔ اس موقع پر رشید جمال نے گورنر سندھ ، چینی قونصل جنرل کو اپنی کتاب بھی پیش کی

اپنا تبصرہ لکھیں