ڈوگرہ راج سے آزاد ی کے دن پر مبارک باد پیش کرتاہوں ۔ بلاشبہ آزادی ایک نعمت ہے ۔ گورنرسندھ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گلگت بلتستان کی آزادی کے دن کے موقع پر آرٹس کونسل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سب سے پہلے گلگت بلتستان کے عوام کو ڈوگرہ راج سے آزادی کے دن کی مبارکباد پیش کرتا ہوں،بلاشبہ آزادی ایک نعمت ہے اور یہ نعمت گلگت بلتستان کے عوام نے یکم نومبر 1947 کو ڈوگرہ راج سے نجات کے ذریعہ حاصل کی۔انہوں نے مزید کہا کہ مقامی افراد نے ڈوگرہ راج کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے آج ہی کے دن مہاراجہ ہری سنگھ کے گورنر کو اقتدار سے بے دخل کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو بھی یاد کرنا چاہیئے جو کہ بھارت کے ظلم وستم کا شکار ہیں،پاکستان میں رہنے والا ہر شہری خواہ وہ کسی مذہب ، قوم و نسل سے تعلق رکھتا ہو، اپنے وطن سے بھرپور محبت کرتا ہے اور اس کی تعمیر و ترقی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیے آج کے دن عہد کریں پوری دنیامیں پاکستان کے مثبت امیج کو ابھارنے کے لئے مل جل کر کوشش کریں گے۔ گورنرسندھ نے کہا کہ نوجوانوں کے جوش سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان کی عاجزی، مہمان نوازی بے مثال ہے۔گورنرسندھ بچوں کیساتھ گھل مل گئے ،ان کے ساتھ گلگت بلتستان کا روائتی رقص کیا ۔

اپنا تبصرہ لکھیں