سیرت النبیﷺ میں عصرِ حاضر کے تمام مسائل کا حل موجود ہے: وزیر مذہبی امور انیق احمد

اسلام آباد : نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سوموار کو وفاقی ٹیکس محتسب میں منعقدہ سیرت کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب ک کرتے ہوئے کہا کہ سیرت النبیﷺ میں عصرِ حاضر کے تمام مسائل کا حل موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر آصف محمود جاہ نے اپنے ادارے میں ’’ سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں عصر حاضر کے مسائل کا حل‘‘ کے موضوع پر سیرت کانفرنس منعقد کروائی۔

کانفرنس میں ٹیکس محتسب کے افسران اور ملازمین میں نعت اور تقاریر کا مقابلہ بھی شامل تھا۔ وزیر مذہبی امور انیق احمد کا وفاقی ٹیکس محتسب میں منعقدہ سیرت کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب میں پہلی مرتبہ سیرت کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب کا ذکر بلند فرمایا جو قیامت تک جاری رہے گا۔ اعلیٰ اخلاقیات وہی ہیں جو ہمیں اللہ کے رسول ﷺ نے بیان فرما دیے۔

انہوں نے کہا کہ سرکار دو عالم نے جو اخلاق حسنہ پیش کیے وہی اخلاقات کامعیار ہے۔ قرآن کریم حضرت مصطفی ﷺ کی سیرت کی پہلی کتاب ہے۔ ہمیں بطور قوم اور فرد قرآن کریم کے آئینے میں اپنا چہرہ دیکھنا چاہئے۔ قرآن میں انکے لیے سخت وعید ہے جو اللہ کی زمین پر اسکا نظام نافذ نہیں کرتے۔ تلاش حق اور اعلان حق کے بعد نفاذ حق کا مرحلہ آتا ہے۔ تقریب کے آخر میں مقابلہ نعت و تقاریر کے فاتحین کو اسناد اور نقد انعامات دیے گئے ۔

اپنا تبصرہ لکھیں