سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے فوجداری قانون ترمیمی بل 2023 کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔
سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر ثمینہ ممتاز زہرہ نے فوجداری قانون ترمیمی بل 2023 منظوری کے لیے پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
بل کی منظوری سے جنسی زیادتی کے شکار افراد کا نجی اسپتال میں علاج ممکن ہو سکے گا اور نجی اسپتال متاثرین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔
بل پر بحث کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ عمر قید اور سزائے موت کے بجائے ڈی چوک میں تمام قیدیوں کے سامنے سرعام پھانسی دی جائے۔
اس پر سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ سرعام پھانسی وحشیانہ ہوگی، جن معاشروں میں اس طرح کی سرعام پھانسیاں دی گئی ہیں وہاں بھی جرائم میں کوئی کمی نہیں آئی۔