نگراں حکومت میڈیا ورکرز کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی، وزیر اطلاعات

وزیراطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ نگراں حکومت عام انتخابات کی مہم کے دوران کسی خاص سیاسی جماعت کے حق میں نہیں بولے گی۔

وہ جمعہ کو کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مردم شماری کے نتائج کے مطابق حلقہ بندیوں کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو متعلقہ قوانین کے تحت انتخابی مہم کے لیے 54 دن ملنے چاہئیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگران حکومت الیکشن کمیشن کی منظوری کے بغیر کسی اہلکار کا تبادلہ نہیں کر سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد الیکشن کمیشن ہی آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنا سکتا ہے۔

وزیر نے کہا کہ قوانین بنانے کا اختیار منتخب حکومتوں کے پاس ہے اور نگران حکومتوں کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں ہے۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق عام انتخابات آئندہ سال جنوری میں ہوں گے اور اس اعلان سے ان عناصر کو مایوسی ہوئی ہے جو اس حوالے سے افواہیں پھیلا رہے تھے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی پاکستان واپسی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر نے کہا کہ ان کے مقدمات قانونی عدالتوں میں ہیں اور نگران حکومت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومت اپنی محدود مدت میں میڈیا ورکرز کے مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں