سپریم کورٹ نے جمعہ کو قومی احتساب آرڈیننس (این اے او) 1999 کے قوانین میں ترامیم کو کالعدم قرار دے دیا اور ترمیم شدہ قانون کے تحت ختم کیے گئے پبلک آفس ہولڈرز کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات بحال کر دیے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پی ٹی آئی سربراہ کی قانون میں ترامیم کو چیلنج کرنے والی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ چیف جسٹس بندیال کا دفتر میں آخری دن تھا کیونکہ وہ آج ریٹائر ہو رہے ہیں۔
بینچ نے 2-1 کی اکثریت سے فیصلہ سنایا، بینچ کے تیسرے رکن جسٹس منصور علی شاہ نے اختلافی نوٹ لکھا۔
سپریم کورٹ نے 5 ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 5 ستمبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منصور علی شاہ پر مشتمل تین رکنی خصوصی بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔
سابق وزیر اعظم کی درخواست پر 53 سماعتوں کے دوران بینچ اس معاملے پر بظاہر تقسیم نظر آیا۔
جسٹس شاہ نے مسلسل پٹیشن کی برقراری پر سوال اٹھایا، جب کہ چیف جسٹس بندیال اور جسٹس احسن پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت کی جانب سے نیب قانون میں کی گئی کچھ ترامیم پر تنقید کرتے رہے۔
توقع تھی کہ چیف جسٹس اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل اس کیس میں فیصلے کا اعلان کریں گے، اور اس فیصلے کے “قومی سیاست پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔”